2013ء کے مقابلے میں پاکستان کل زیادہ پرامن و صنعتی ترقی کی جانب گامزن ہے‘ گورنر سندھ

جمعہ 24 مارچ 2017 20:10

2013ء کے مقابلے میں پاکستان کل زیادہ پرامن و صنعتی ترقی کی جانب گامزن ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ حکومت کے اقدامات کے باعث کل کا پاکستان 2013ء کے برعکس آج زیادہ پرامن، سماجی، ثقافتی، ادبی، سیاسی اور معاشی سرگرمیوں اور تیز ترین ترقی کرنے والا ملک بن کر دنیا میں ابھر رہا ہے، حکومتی معاشی پالیسیوں کے مثبت اثرات مرتب ہونا بھی شروع ہو گئے ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاری، عظیم الشان سی پیک منصوبہ اور دوست ممالک کے ساتھ مشترکہ میگا پروجیکٹس اس کی واضح مثال ہیں۔

جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ الائنس کے چیئرمین امان اللہ پراچہ کی سربراہی میں 35 رکنی وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے موقع پر گفتگو میں کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے توانائی کے بحران کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا، حکومتی اقدامات سے آج پورے ملک میں بجلی کا خسارہ 5000 میگا واٹ رہ گیا ہے جبکہ مارچ 2018ء تک نیشنل گرڈ میں 10500 میگا واٹ بجلی داخل ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں سیاسی، معاشی، سماجی سرگرمیوں میں اضافے سے لوگوں کا جمہوریت پر اعتماد مستحکم ہوا ہے، آج عوام جمہوریت کو عوامی فلاح و بہبود کے لئے ناگزیر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلا امتیاز عوامی خدمات کو شعار بناتے ہوئے حکومت نے بلا تفریق ترقیاتی جال بچھا دیا ہے، سی پیک منصوبہ کا سب سے زیادہ فائدہ صوبہ سندھ کو ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حب کراچی کو سی پیک منصوبہ کے بعد منفرد حیثیت حاصل ہو گی، صوبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کے بعد غربت اور بے روزگاری میں بھی کمی واقع ہو گی۔ امان اللہ پراچہ نے گورنرسندھ کو شہر کے مختلف علاقوں میں آباد بنگالی کمیونٹی کے مسائل سے تفصیل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کی درخواست کی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وہ ان مسائل کے حل کے لئے متعلقہ اداروں سے بات کریں گے۔

متعلقہ عنوان :