سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی ذیلی کمیٹی کا اجلاس

کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد بل 2017 میں ویٹنگ کے دوران وزارت قانون کو بھیجے گئے بل میں ترامیم کے معاملات کا تفصیلی جائزہ کمیٹی نے بل میں کرائی گئی ترامیم کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے وزارت قانون سے تحریری رپورٹ طلب کر لی

جمعہ 24 مارچ 2017 19:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2017ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس سینیٹر محمد اعظم خان سواتی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد بل 2017 میں ویٹنگ کے دوران وزارت قانون کو بھیجے گئے بل میں ترامیم کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

ذیلی کمیٹی نے بل میں کرائی گئی ترامیم کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے وزارت قانون سے تحریری رپورٹ طلب کر لی۔سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ نے کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی کا بل وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے چار متعلقہ اداروں سے مل کر تیار کیا اس بل کی منظوری کیبنٹ ڈویڑن سے حاصل کی گئی اور کیبنٹ ڈویڑن کی قانون ساز کمیٹی نے بھی بل کی منظوری دی جو وزارت قانون کو ویٹنگ (منظوری)کیلئے بھیجا گیا۔

(جاری ہے)

بل میں متعدد ترامیم کی گئیں۔جس کا وزارت سائنس وٹیکنالوجی اور کامسیٹسکے اعلیٰ حکام اور متعلقہ وزیر کو علم تک نہیں جس کا اظہار انہو ں نے قائمہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں بھی کیا۔ یہ ترامیم کن مقاصد کیلئے کی گئیں ان کے اصل محرکات سامنے لائے جائیں گے۔ وزارت قانون کے ایڈیشنل ڈرافٹس مین شیخ سرفراز نے ذیلی کمیٹی کو بتایا کہ کوئی بھی ویٹنگ کیلئے وزارت میں آتا ہے تو اس میں بہت سی چیزوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے بل میں 90 فیصد زبان کی تبدیلی بھی کی جا سکتی ہے البتہ پالیسی سازی کے حوالے سے تبدیلی ہمارا دائر اختیار نہیں ہے۔

جس پر ذیلی کمیٹی نے وزارت قانون سے معاملے کے حوالے سے تحریری رپورٹ طلب کرتے ہوئے معاملہ آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا۔ ذیلی کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ کے علاوہ سیکرٹری وزارت سائنس وٹیکنالوجی ،سینئر جوائنٹ سیکرٹری سائنس ٹیکنالوجی ، ڈارفٹس مین وزارت قانون کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :