سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد اپ لوڈ کرنے والے تین ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا

جمعہ 24 مارچ 2017 19:44

سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد اپ لوڈ کرنے والے تین ملزمان کو انسداد دہشت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2017ء) سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد اپ لوڈ کرنے والے تین ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا،ملزمان سے برآمد کیا گیا کمپیوٹر فرانزک تجزیئے کیلئے بھجوادیئے گئے۔جمعہ کی شب وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی ای) نے سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر گستاخانہ مواد اًپ لوڈ کرنے کے الزام میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کیا،تینوں گرفتار ملزمان کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، ایف آئی اے عدالت سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پرعدالت نے ملزمان کو 7 روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا جبکہ ملزمان سے برآمد ہونے والے کمپیوٹرز کو فرانزک تجزیئے کے لیے بھیج دیا گیا،واضح رہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے حوالے سے کیس کی سماعت جاری ہے،رواں ہفتے کے آغاز میں وزارت داخلہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو گستاخی کے الزام میں ایک شخص کی گرفتاری اور متعدد مشتبہ افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے سے متعلق آگاہ کیا تھا،اسلام آباد ہائیکورٹ میں جاری اس کیس کی اگلی سماعت 27 مارچ کو ہوگی۔

(جاری ہے)

تاہم وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار بھی سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد پھیلانے والے 11 افراد کی شناخت کے حوالے سے اپنا بیان جاری کرچکے ہیں،وزرات داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ اس معاملے میں کچھ مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کے لیے ایف آئی اے نے انٹرپول سے بھی مدد طلب کرلی ہے، کیوں کہ ان میں سے کچھ افراد کے ملک میں نہ ہونے کے اشارے ملے ہیں۔

متعلقہ عنوان :