کراچی : صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کی ہدایت، منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی تیز کردی گئی

جمعہ 24 مارچ 2017 19:39

کراچی : صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کی ہدایت، منشیات فروشوں کیخلاف ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2017ء) صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن وانسداد منشیات مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی تیز کردی گئی ہے جس کے نتیجے میں ایکسائز پولیس سکھر نے دو مختلف کارروائیوں میں 55 کلو گرام چرس برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار اور اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی دونوں گاڑیوں کو اپنے قبضے میں لے لیا۔

پہلی کارروائی میں ایکسائز پولیس سکھر نے ایکسائز افسر علی گل حسن کی سربراہی میں نوابشاہ روڈ ننگریزا کمب کے مقام پر ٹرک کی تلاشی لی اور اس میں موجود 15 کلو گرام چرس برآمد کرلی جبکہ ملزم محمد خان کو گرفتار اور ٹرک کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ دوسری کارروائی میں سکھر پولیس نے روہڑی چیک پوسٹ پر ایکسائز افسر عبدالرسول کی سربراہی میں ایک مشکوک لینڈ کروزر کی تلاشی کے دوران اس میں چھپائی گئی 40 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم مختیار احمد کو گرفتار کر کے گاڑی کو اپنے قبضے میں لے لیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکیسش وانسداد منشیات مکیش کمار چاولہ نے کامیاب کارروائیوں پر ایکسائز پولیس کو مبارک باد دیتے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے اور منشیات کو سندھ میں اسمگلنگ ہونے سے روکنے کی سخت ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :