وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے 54 کروڑ کی کرپشن کے ملزم کو جنرل منیجر او جی ڈی سی ایل لگا دیا

وزیر داخلہ چوہدری نثار بھی او جی ڈی سی ایل ہائوسنگ سوسائٹی کے سکینڈل کی تحقیقات حتمی نتیجہ تک پہنچنے میں ناکام، اہم ملزم سابق سپیکر چوہدری امیر حسین کا داماد نکلا، مری کا پٹواری بھی کروڑوں روپے لے کر دبئی بھاگ گیا

جمعہ 24 مارچ 2017 19:39

وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے 54 کروڑ کی کرپشن کے ملزم کو جنرل منیجر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2017ء) وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباس نے بھی 54 کروڑ روپے کرپشن میں ملوث افراد کو او جی ڈی سی ایل میں جنرل منیجر سٹور تعینات کردیا ہے۔ او جی ڈی سی ایل ہائوسنگ سوسائٹی میں اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات بھی اب التواء شکار ہوگئی ہیں جس کے نتیجہ میں او جی ڈی سی ایل کے سینکڑوں ملازمین کو رپورٹ ملنا مشکل ہوگیاہے۔

او جی ڈی سی ایل کے ایک سینئر آفیسر نے کہا کہ ہائوسنگ سوسائٹی میں کرپشن کا تعلق ادارے سے نہیں ہے اور او جی ڈی سی ایل کو بھی کوئی مالی نقصان نہیں پہنچا ہے اس لئے اس سکینڈل کے بڑے ملزم کو ادارہ کا دوبارہ جی ایم تعینات کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق او جی ڈی سی ایل ہائوسنگ سوسائٹی کے مرکزی ملزم عرفان بابر کو وزیر پیٹرلویم شاہد خاقان عباسی نے او جی ڈی سی ایل میں جنرل منیجر سٹور تعینات کر رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی سفارش پر عرفان بابر کو عہدہ سے علیحدہ کیا گیا تھا تاہم ایک ماہ کے بعد معطلی کے احکامات ختم کرنے کے بعد اب دوبارہ اہم پوسٹ پر تعینات کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عرفان بابر کو سابق سپیکر چوہدری امیر حسین کیس فارش پر انہیں دوبارہ عہدہ دیا گیا ہے کیونکہ چوہدری امیر حسین عرفان بابر کے سسر ہیں اور او جی ڈی سی ایل ہائوسنگ سوسائٹی کا افتتاح کرنے والے بھی ہیں۔

او جی دی سی ایل ہائوسنگ سوسائٹی مری اور اسلام آباد کے درمیانی علاقہ سترہ میل علاقہ کے قریب سوسائٹی بنائی گئی تھی اورسادہ لوح لوگوں کو پلاٹ دینے کا لالچ دے کر اربوں روپے لوٹ لئے گئے تھے دس سال کے بعد جب پلاٹ فراہم نہ ہوئے تو الاٹیوں نے ایف آئی اے اور نیب کو درخواستیں دے کر تحقیقات شروع کردیں۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جس زمین پر یہ سوسائٹی بنائی گئی تھی وہ محکمہ جنگلات پنجاب کی ملکیت میں ہے یہ زمین الاٹ کرنے والے پٹواری کا آبائی علاقہ مری ہے جو کروڑوں روپے رشوٹ لے کر دبئی بھاگ گیا ہے اور ایف آئی اے پٹواری کو پکڑنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے بھی بااثر افراد کی دخل اندازی سے تحقیقات مکمل نہیں کر سکی اور غریب لوگ اپنی جمع پونجی واپس لینے میں کایاب نہیں ہوسکے جبکہ شاہد خاقان نے دوبارہ 54 کروڑ کے ملزم کو جی ایم کے عہدہ پر تعینات کرکے غریب لوگوں کی امیدیں خاک میںملا دیں ہیں اس حوالے سے او جی ڈی سی ایل کے ترجمان نے بات کرنے سے انکار کردیا ہے۔ (عابد شاہ/رانا مشتاق)