وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج کے تحت ضلع سرگودھا کے 15حلقوں میں ترقیاتی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 1ارب روپے کے فنڈز جاری

جمعہ 24 مارچ 2017 19:37

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2017ء)وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج کے تحت ضلع سرگودھا کے 15حلقوں میں ترقیاتی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 1ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ، یہ فنڈز ممبران اسمبلی کی صوابدیدی سکیموں پر خرچ کئے جائیں گے جن میں حلقہ پی پی 32 کے لئے کوئی گرانٹ مختص نہیں کی گئی ، ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے پانچ حلقوں کیلئے 50 کروڑ اورحلقہ پی پی 32 جہاں مسلم لیگ ق کے چوہدری عامر سلطان چیمہ ایم پی اے ہیں کے علاوہ صوبائی اسمبلی کے باقی دس حلقوں کیلئے 50 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں، جس میں سے ایم این اے کو دس دس کروڑ جبکہ ایم پی ایز کو پانچ پانچ کروڑ کی ترقیاتی گرانٹ متعلقہ ہیڈز میں ٹرانسفر کر دی گئی ہے ،اس ضمن میں حکومت نے ترقیاتی سکیمیں جلد از جلد ارسال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تک ساہیوال اور بہائوالپور ڈویژن کی جانب سے حکومت کو ترقیاتی سکیمیں ارسال کی گئی ہیںجبکہ سرگودھا سمیت دیگر اضلاع 15روز میں اپنی اپنی سکیمیں بھجوائیں۔