کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنا اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریحاً خلاف ورزی ہے،پاکستان

افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں، ماسکو کانفرنس میں کون جائیگا ابھی فیصلہ نہیں ہوا،حسین حقانی کا معاملہ پر وزارت داخلہ کے بہتر معلومات ہیں، ترجمان دفترخارجہ سوڈان میں پاکستانی شہری اغواء کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں، سفارت خانہ سے مسلسل رابطے میں ہیں،نفیس زکریا کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

جمعہ 24 مارچ 2017 19:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2017ء) پاکستان نے کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارت کی جانب سے کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کو اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ، پاکستان اپنے شہری ایاز جمالی کے جنوبی سوڈان میں اغواء ہونے کے بعد ایتھوپیا میں پاکستانی سفارتخانہ کے ذریعہ سوڈانی حکومت اور پاکستانی شہری کے خاندان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ، حسین حقانی کے حوالے سے وزارت داخلہ ہی بہتر بتا سکتا ہے ، افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں ،طالبان رہنمائوں کی جانب سے پاکستان کے ساتھ افغانستان میں امن لانے کیلئے بات چیت کا میڈیا کے ذریعے علم ہوا ، ماسکو کانفرنس میں کون شریک ہوگا اس کا فیصلہ نہیں ہوا ، ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے جمعہ کے روز میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں تحریک آزادی کو دبانے کی کوششوں میں مصروف ہے اور کشمیریوں میں پر ظلم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتہ بھارت کی جانب سے تیس حریت رہنمائوں جن میں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ، یاسین ملک اور دیگر رہنما شامل تھے کو بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستان کے دن کے مناسبت سے تقریب میں شرکت سے روکنے کیلئے نظر بند کردیا تھا بھارت کی جانب سے حریت رہنمائوں عالم بٹ کو 2010ء سے اکثر اوقات جیل میں رکھا گیا 160 سے زائد کشمیری نوجوانوں کو مقبوضہ کشمیر کے مختلف اضلاع سے گزشتہ ہفتہ گرفتار کیا گیا بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کو مقبوضہ کشمیر میں اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے دیگر علاقوں سے لوگوں کو آباد کررہا ہے انہوں نے عالمی برادری سے بھارتی جارحیت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کیا مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جنوبی سوڈان میں پٹرولیم کمپنی میں کام کرنے والے پاکستانی انجینئر ایاز کو گزشتہ ہفتہ دیگر تین لوگوں کے ساتھ اغواء کیا گیا جبکہ اغواء کاروں سے مزاحمت پر جنوبی سوڈان کی سکیورٹی سٹاف کا اہلکار ہلاک بھی ہوا تھا انہوں نے کہا کہ اپنے شہری کی آزادی کیلئے پاکستانی سفارتخانے ایتھوپیا سے کوششوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے پاکستان کی جانب سے اس سلسلہ میں جنوبی سوڈان اور ایاز جمالی کے بھائی کے ساتھ رابطہ میں ہیں انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی باغی گروپ کی جانب سے پاکستانی شہری اور دیگر اغواء ہونے والوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے 23 مارچ کے موقع پر مبارکباد کا پیغام دیا گیا اور اس میں دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے سلسلہ کو دوبارہ بحال کرنے کے حوالے سے گفتگو نہیں ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ چاہتا ہے اور پاکستان نے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ تمام امور کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پرزور دیتا رہے گا انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے حوالے سے امریکی وزارت خارجہ کی رپورٹ میں پاکستان پر تنقید بلاجواز ہے اور پاکستان کی جانب سے ہمیشہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں پر عملدرآمد کیا جارہ اہے جبکہ بھارت انسانی حقوق کے کشمیر میں سنگین خلاف ورزی کرنے کے باوجود ان پر تنقید کم کی گئی ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حسین حقانی کو جب وہ امریکہ میں پاکستان کے سفیر تھے اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے ویزے جاری کرنے کے مخصوص اختیارات کے حوالے سے سوال پر وزارت داخلہ ہی بہتر جواب دے سکتا ہے نفیس زکریا نے کہا کہ اپریل میں روس کے دارالحکومت ماسکو میں پاکستان کی جانب سے کون شریک ہوگا ابھی فیصلہ نہیں ہوا جبکہ طالبان کی جانب سے شرکت کے حوالے سے روس حکومت ہی بتا سکتی ہے انہوں نے کہا کہ طالبان رہنمائوں کی جانب سے پاکستان کے ساتھ افغانستان میں امن لانے کے حوالے سے بات چیت کا میڈیا کے ذریعے علم ہوا ہے ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور اس جانب ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے پاک افغان سرحد کھولنے کا حکم جذبہ خیر سگالی کے طور پر دیا انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ اب افغان حکومت ایسے اقدامات اٹھائے گی جس سے وہاں دہشتگرد پاکستان داخل نہ ہوسکیں دونوں ممالک کو سرحد کے تحفظ کو مل جل کر اقدامات اٹھانے ہوں گے انہوں نے کہا جو لوگ افغانستان سے پاکستان کیخلاف بیان بازی کرتے ہیں وہ افغانستان کے امن لانے کیخلاف ہیں ترجمان نے کہا کہ بھارت ریاست اتر پردیش میں نئے وزیراعلیٰ کا اعلان ہونا بھارت کا اندرونی معاملہ ہے