چین پوری قوت سے اقتصادی عالمگیریت کو فروغ دے گا، نائب وزیراعظم

غیر ملکی سرمایہ کار چینی قوانین اور ضوابط کی پاسداری اور سماجی ذمہ داریاں پوری کریں،سرمایہ کاروں سے ملاقات

جمعہ 24 مارچ 2017 18:08

بائو/ہینان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) چینی نائب وزیراعظم جانگ گائولی نے بائو فورم برائے ایشیا (بی ایف ای) میں شرکت کرنے والے سرمایہ کاروں سے ملاقات کے دوران جمعہ کو اقتصادی عالمگیریت پر روشنی ڈالی ۔ہینان صوبے میں بی ایف اے سالانہ کانفرنس کے موقع پر ایک سیمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم اقتصادی عالمگیریت کو پوری طرح آگے بڑھائیں گے ،تجارت اور سرمایہ کاری کی لبرلائزیشن اور سہولت کاری کو فروغ دیں گے اور ہر قسم کے تجارتی تحفظ ازم کی مخالفت کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ چین اصلاحات اور جدیدیت کے ذریعے اقتصادی عالمگیریت کو فروغ دے گا اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو فروغ دینے کیلئے ڈیجیٹل معیشت کے مواقعوں سے استفادہ کرے گا اور عالمی اقتصادی تعاون میں اضافہ کرے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایشیائی علاقائی تعاون میں امید کا اظہار کیا۔ جانگ نے کہا علاقے کے ممالک کو چاہیے کہ وہ پر امن اور مستحکم ترقیاتی ماحول کو برقرار رکھیں ، تعاون اور باہمی مفاد کا تصور قائم کریں اور کھلے پن ،مشمولیت اور توازن کا جذبہ پیدا کریں۔

چینی نائب وزیراعظم نے کہا کہ چین اپنے کھلے پن کو وسعت دے گا اور غیر ملکی سرمایہ کاری تک رسائی میں مزید آسانی پیدا کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ چین سرمایہ کاروں کیلئے پوری شدت سے منصفانہ ماحول قائم کرے گا اور غیر ملکی اور ملکی کاروبار سے مساوی سلوک کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ چین آزادانہ تجارتی زونز کی ترقی کو بھی آگے بڑھائے گا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سرفہرست مقامات میں رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی اہم علاقائی حکمت عملیوں میں شرکت کرنے اور مینو فیکچرنگ، ماحولیاتی منیجمنٹ اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا غیر ملکی سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ وہ چینی قوانین اور ضوابط کی پاسداری کریں، اپنی سماجی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور چینی معیشت کے مثبت اشارے بھیجیں ۔

متعلقہ عنوان :