سیدنا ابو بکر صدیق ؓ کا طرز حکمرانی مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے‘ مولانا سیدعبد الخبیر آزاد

اشاعت اسلام کیلئے امیر المومنین سیدناصدیق اکبر ؓ کی بے مثال جدو جہد اور قربانیاں فقید المثال ہیں‘ خطیب بادشاہی مسجد

جمعہ 24 مارچ 2017 17:38

سیدنا ابو بکر صدیق ؓ کا طرز حکمرانی مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2017ء) تاریخی عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں جمعة المبارک بسلسلہ یوم امیر المؤمنین خلیفة المسلمین حضرت سیدناابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے موضوع پر خطیب و امام بادشاہی مسجد و چیئرمین مجلس علماء پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے حضرت سیدنا صدیق اکبررضی اللہ عنہ کی اسلام پر خدمات اور عظیم ہائے کارنامہ پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اشاعت اسلام کیلئے حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی بے مثال جدو جہد اور لازوال قربانیاں فقید المثال ہیں جنہیں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا اور یاد رکھا جائے گا، احیاء اسلام کیلئے حضرت سیدنا صدیق اکبررضی اللہ عنہ نے جو عظیم کارہا ئے نمایاں انجام دیئے وہ تاریخ اسلام میں ایک تابناک باب کی حیثیت رکھتے ہیں ان کی خلافت تاریخ اسلام میں ایک عظیم روشن ودرخشندہ ستارہ کی مانند ہے ۔

(جاری ہے)

خطیب بادشاہی مسجد مولاناسید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ حضرت سیدنا صدیق اکبررضی اللہ عنہ حق و صداقت کے اعلیٰ معیار پر فائز ہیں ،آپ رضی اللہ عنہ مسلمانوں کے پہلے خلیفہ ہیں ،آپ رضی اللہ عنہ کا طرز حکمرانی مسلم حکمرانوں اور طرز زندگی مسلم امہ کیلئے مشعل راہ ہے ،حضرت سید نا صدیق اکبررضی اللہ عنہ نے اپنے دور خلافت میں منکرین ختم نبوت و منکرین زکوٰة جیسے فتنوںکا مکمل قلع قمع کر کے تاریخی کارنامہ سر انجام دیا، انہوں نے کہا کہ آج خلیفة المسلمین حضرت سید نا صدیق اکبررضی اللہ عنہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ کی سیرت اور جرأت مندانہ کردار کو اپنایا جائے کیونکہ حضرت سیدنا صدیق اکبررضی اللہ عنہ کی عظیم تعلیمات جو سراسر امن و سلامتی اوروحدت امت کا پیغام دیتی ہیں ،کو اپنا کر ہی پوری دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے ،آخر میں نماز جمعہ کے بعد ملکی سلامتی و ترقی و امن و سلامتی کیلئے اجتماعی دعاء کی گئی۔