وزیراعلیٰ پنجاب ، خواتین پر تشدد روکنے کیلئے ملتان میں پہلے داد رسی سنٹر برائے خواتین کاآج افتتاح کریں گے،جہاں ایک چھت تلے مظلوم عورتوں کو انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، ڈائریکٹر جنرل سٹریٹیجک ریفارمز یونٹ سلمان صوفی

جمعہ 24 مارچ 2017 17:16

وزیراعلیٰ پنجاب ، خواتین پر تشدد روکنے کیلئے ملتان میں پہلے داد رسی ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سٹرٹیجک ، ریفارمز یونٹ کے زیر اہتمام خواتین پر تشدد روکنے کیلئے ملتان میں پہلے داد رسی سنٹر برائے خواتین کا افتتاح آج 25مارچ کو ہوگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف مختلف ممالک کے سفیروں کے ہمراہ متی تل رو-ڈ پر واقع اپنی نوعیت کے منفرد سنٹر کا دن 10 بجے افتتاح کریں گے۔

اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل سٹریٹیجک ریفارمز یونٹ سلمان صوفی نے بتایا کہ ایس آر یو نے رواں سال اسمبلی سے پاس ہونے والے وومن پرٹیکشن بل پر عملدرآمد کرانے کیلئے انتھک کام کیا ہے۔ داد رسی سنٹر برائے خواتین کا قیام بھی اس سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین پر تشدد کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

داد رسی سنٹر برائے خواتین کے قیام کو عمل میں لا کر حکومت نے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے۔

سلمان صوفی نے مزید کہا کہ سوشل ویلفیئر اور بیت المال محکمے کے تعاون سے بنایا جانے والا داد رسی سنٹر برائے خواتین جنوبی ایشیاء کا پہلے سنٹر ہے۔ جہاں ایک چھت تلے مظلوم عورتوں کو انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ وومن پروٹیکشن بل خواتین کیخلاف جنسی و ذہنی تشدد سمیت ہر قسم کی ہراسمنٹ پر فوری انصاف فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ داد رسی سنٹر برائے خواتین کے قیام سے مذکورہ بل کے عملدرآمد میں بھرپور مدد حاصل ہوگی۔ متی تل روڈ پر قیام پذیر اس سنٹر میں مظلوم خواتین کو فوری طبی و قانونی مدد اور شفاف تفتیش میں معاونت میسر ہوگی۔ اس سنٹر میں تشدد کا شکار خواتین کے علاج و معالجہ اور رہائش کی سہولت بھی دی جائے گی۔ سلمان صوفی نے کہا کہ داد رسی سنٹر میں تمام عملہ خواتین پر مشتمل ہوگا۔

جن کو مکمل تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ جنسی تشدد کا شکار خواتین کو ہر انداز میں ڈیل کر سکیں۔ انصاف کی فوری فراہمی کیلئے محکمہ داخلہ کی جانب سے اس سنٹر کو باقاعدہ پولیس سٹیشن قرار دیا گیا ہے تاکہ محکمہ پولیس کی جانب سے تمام مراحل ایک چھت تلے مکمل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وومن سنٹر کے قیام سے پنجاب کی خواتین کو فوری انصاف ملنے کی امید جاگ اٹھی ہے۔