مینار پاکستان میں پنجاب پولیس کا شہری سے ناروا سلوک، پنجاب حکومت نے نوٹس لے لیا

پولیس حکام کو اس طرح عوام سے بد تمیزی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ترجمان پنجاب حکومت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 24 مارچ 2017 15:57

مینار پاکستان میں پنجاب پولیس کا شہری سے ناروا سلوک، پنجاب حکومت نے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 مارچ 2017ء) : گذشتہ روز مینارپاکستان میں پنجاب پولیس نے ایک شہری کو گریبان سے پکڑ کر بد تمیزی کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ اس ویڈیو میں دیکھا گیا کہ پنجاب پولیس کے اہلکار ایک شخص کو گریبان سے پکڑ کر لے جا رہے ہیں جبکہ ساتھ کھڑا اس شخص کا کم سن بچہ روتے ہوئے اپنے باپ کو چھوڑنے کی دہائیاں دے رہا ہے جسے پنجاب پولیس کے اہلکار ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نظر انداز کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے اس بات کو نوٹس لے لیا ہے۔ ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ 23 مارچ کو مینار پاکستان میں عوام کا زیادہ رش تھا۔ یہ شخص لائن توڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نےدو چار مرتبہ اس شخص کو لائن توڑنے سے منع کیا۔ ڈی ایس پی کا موقف ہے کہ بار بار منع کیا اور جب یہ شخص باز نہ آیا تو ایسا رویہ اپنایا۔ ترجمان نے کہا کہ پولیس کا موقف قابل قبول نہیں ہے۔ پنجاب حکومت نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔جبکہ پولیس کو وضاحت کا ایک اور موقع دیا ہے۔ ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کو اس طرح عوام سے بدتمیزی کی اجازت ہرگز نہیں دی جا سکتی۔

متعلقہ عنوان :