پاکستان کے 77واںقومی دن فرانس میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

سفارتخانہ میں پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام ، پاکستانی کمیونٹی، سفارتی عملے ، صحافیوں کی بڑی تعداد میں شرکت پاکستان قومی برادری کے درمیان مضبوط جمہوری اداروں، تیزی سے بڑھتی معیشت، آزاد عدلیہ ومیڈیا کیساتھ اہم ملک کے طور پر ابھر رہاہے، معین الحق

جمعہ 24 مارچ 2017 14:27

پاکستان کے 77واںقومی دن فرانس میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا
پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2017ء) یوم پاکستان کے موقع پر سفارتخانہ پاکستان، پیرس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستانی کمیونٹی ،سفارتخانہ کے آفیسران اور ان کے اہلخانہ اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر معین الحق نے بابائے قوم اور تحریک پاکستان کے دیگر قومی رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کیا جن کی انتھک کوششوں اور قربانیوں سے انڈیا کے مسلمانوں کیلئے 14 اگست 1947ء کو ایک علیحدہ ملک پاکستان بنا اور اس سال ہم اس کی 70ویں یوم آزادی منائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آج قومی برادری کے درمیان اپنے مضبوط جمہوری اداروں، تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت، آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کے ساتھ ایک اہم ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے شرکاء تقریب کو حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات جن میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مسائل، توانائی کے بحران کا خاتمہ، سڑکوں اور ریلوے نیٹ ورک، تعلیم اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور خوشحالی شامل ہے سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے فرانس میں مقیم پاکسانی کمیونٹی کے مثبت اور تعمیری کردار پیش کرنے پر انہیں مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اباؤ اجداد نے بہت سی قربانیاں پیش کر کے اس ملک کو حاصل کیا ہے اور اب ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اسے ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال ملک بنا کر دیں۔ اس موقع پر صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ بعد ازاں سفیر پاکستان نے یوم پاکستان کے موقع پر سفارتی استقبالیہ دیا۔ جس میں فرانس کے ارکان پارلیمنٹ، اعلی سول اور فوجی حکام، دانشوروں اور غیر ملکی سفارت کاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :