ضلع بھر میں گندم کی خریداری کیلئے 14 مراکز قائم کئے جائیں گے‘ کسانوں میں پہلے آ ئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر باردانہ تقسیم کیا جائے گا‘ ڈی سی شیخوپورہ

جمعہ 24 مارچ 2017 14:27

شیخوپورہ۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) ڈی سی ارقم طارق نے کہا ہے کہ ضلع شیخوپورہ میں گندم کی خریداری کیلئے 14 مراکز قائم کئے جائیں گے‘ مقررہ ہدف12لاکھ20ہزار بوری گندم خریدکی جائے گی اور12لاکھ 20ہزار بار دانہ کسانوں اور کاشتکاروں میں پہلے آ ئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر تقسیم کیا جائے گا‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے گندم خریداری کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا‘ اس موقع پر فوکل پرسن گندم خریداری ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رائو ریاض اعجاز، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عمیر صغیر،اسسٹنٹ کمشنرز شبیر حسین بٹ،چوہدری ارشد بھدر، مشتاق ٹوانہ ،راناشکیل احمد ،ڈی ایس پی ٹریفک محمد اعظم بسراء اور دیگر افسران موجود تھے‘ ڈی سی نے کہا کہ ہر خریداری مرکز پر سنٹر کوارڈینٹر مقرر کیا جائے گااور حکومتی پالیسی کے مطابق صاف ستھری گندم کی خریداری کیلئے کسان اتحادی تنظیموں کے نمائندے بھی سنٹروں میں موجود ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپریل کے آخر میں موسم کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے بار دانہ کا اجراء کیا جائے گااور مئی میں گندم کی خریداری شروع کر دی جائے گی جو مئی کے آخر تک جاری رہے گی‘ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کسانوں کاشتکاروں سے 1300روپے فی من گندم خرید کی گئی تھی جبکہ اس دفعہ بھی حکومت کی مقرر کردہ قیمت کے مطابق گندم خرید ی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام خریداری مراکز پر فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کی نفری تعینات ہو گی۔