ثقلین مشتاق 2 برس کیلیے انگلش اسپن بولنگ مشیر مقرر

نیشنل ٹیم کے ساتھ انگلینڈ اے اور لائنز کیلیے بھی خدمات انجام دوں گا، سابق اسپنر

جمعہ 24 مارچ 2017 13:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2017ء) انگلش کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق کو 2 برس کیلیے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کر دیا ہے۔ثقلین مشتاق آف اسپنر کی مخصوص گیند ’’دوسرا‘‘ کے موجد ہیں، کئی برس تک ملک کیلیے خدمات انجام دینے کے بعد وہ انگلینڈ منتقل ہو گئے تھے، اس دوران انھوں نے انگلش ٹیم سمیت نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کیلیے بھی بطور اسپن مشیر خدمات انجام دیں،کچھ عرصے قبل وہ اہل خانہ کے ہمراہ دوبارہ پاکستان شفٹ ہو گئے تھے مگر انھیں پی سی بی نے لفٹ نہ کرائی، صرف چند روز کیلیے سعید اجمل کا بولنگ ایکشن درست کرانے کا کام سونپا گیا تھا جبکہ انگلینڈ نے دورئہ بھارت میں ثقلین کو پہلے ٹیسٹ سیریز اور پھر ون ڈے میں بھی ٹیم کے ساتھ رکھا، اس دوران ان کی عمدہ کارکردگی سے خوش ہو کر اب طویل المدتی معاہدہ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 40 سالہ ثقلین مشتاق نے 49 ٹیسٹ میں 208 اور 169 ون ڈے میں 288 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔