ملائشین و غیر ملکی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری، اگلے 15سالوں میں بڑی اقتصادی قوت بن جائیں گے، سید حسن رضا

ملائشیا میں جلد صنعتی نمائش کا اہتمام کرکے عالمی دنیا کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے فوائد سے آگاہ کیا جائے گا ، ہائی کمشنر کا یوم پاکستان کی تقریب سے خطا ب

جمعہ 24 مارچ 2017 13:25

ملائشین و غیر ملکی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری، اگلے 15سالوں ..
اسلام آباد/کوالا لمپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2017ء) وفاقی وزیر سائنس ٹیکنالوجی و دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اور پاکستان ہائی کمیشن کوالا لمپور کے ہائی کمشنر سید حسن رضا نے کہا ہے کہ پاکستان اگلے 15سالوں میں ایک بڑی اقتصادی طاقت کے طور پر سامنے آئے گا، ہماری خواہش ہے کہ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان تجارتی سرگرمیاں پروان چڑھیں اور یہ ہماری ہی کاوشیں ہیں کہ ملائشین کمپنیوں نے پاکستان کے ساتھ تجارت میں دلچسپی ظاہر کی ہے، پاکستان ہائی کمیشن کوالا لمپور کے زیر اہتمام ملائشیا میں جلد صنعتی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا جس میںبیرون ممالک صنعت کاروں اور کاروباری طبقے کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے فوائد سے آگاہ کیا جائے گا ، وہ ملائشیا کے شہر کوالا لمپور میں یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب اور پاکستان ہائی کمیشن کے عشائیے سے خصوصی خطاب کررہے تھے، عشائیہ میں ملائشیا کی رائل فیملی سمیت غیر ملکی سفارتکاروں ، بزنس کمیونٹی ، ملائشیئن اعلیٰ حکام نے شرکت کی، ہائی کمشنر حسن رضا نے یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب میں مزید کہا کہ ملائشیا میں پچھلے 3سالوں میں پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل میں کمی آئی ہے جبکہ مشن پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اپنا بھر پور کردا ادا کررہا ہے ، اس موقع پر مہمان خصوصی رانا تنویر حسین نے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل سے پاکستان میں ترقی ہوئی ہے ، وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت عالمی ممالک میں پاکستان کا بہترین امیج بنا رہے ہیں اس میں مدد کیلئے بیرون ممالک مقیم پاکستانی بھی اپنے بہترین تشخص سے وطن عزیز کا نام روشن کریں، وفاقی وزیر نے پاکستان ہائی کمیشن کوالا لمپور کے کردار کو سراہا ، تقریب پاکستان ہائی کمیشن کے سبزہ زار میں منعقد کی گئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سفیروں اور ملائیشین حکام نے بھی شرکت کی