ما ہرین کی کاشتکار وںکو مارچ کے آخر تک بہا ریہ مو نگ کاشت کرنے کی ہدایت

جمعہ 24 مارچ 2017 13:02

فیصل آباد۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء)محکمہ زراعت نے ایسے کاشتکار جو بہاریہ کماد، مکئی یا سورج مکھی کی فصل کاشت نہیں کر سکے کو مارچ کے آخر تک بہاریہ مونگ کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ مونگ کو آبپاش اور بارانی علاقوں میں یکساں طور پر کامیابی کے ساتھ کاشت کیا جا سکتا ہے ۔محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجما ن نے کہاکہ کاشتکاربھرپور پیداوار کے حصول کیلئے آبپاش علاقوں میں مونگ کی ترقی دادہ اقسام نیاب مونگ2011،نیاب مونگ 2006، اور ازری مونگ2006جبکہ بارانی علاقوں میں چکوال ایم6 کاشت کرسکتے ہیں جن کی پیداواری صلاحیت 25من فی ایکڑ تک ہے ۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکار مونگ کی ترقی دادہ اقسام کا بیج 10سے 12کلو گرام فی ایکڑ استعمال کریں جبکہ بوائی سے قبل بیج کو جراثیمی ٹیکہ لگائیں اور تر وتر میں ڈرل سے بوائی کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مونگ کی فصل کے لیے کھاد کے حسب ضرورت استعمال کے لیے زمین کا تجزیہ کرانا ضروری ہے جبکہ زمین کے تجزیہ کی عدم موجودگی میں ایک بوری ڈی اے پی+آدھی بوری پوٹاشیم سلفیٹ یا آدھی بوری یوریا کے ساتھ ایک بوری ٹرپل سپر فاسفیٹ اور آدھی بوری پوٹاشیم سلفیٹ کھاد فی ایکڑ ڈال کر بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ تمام کھادیں بوائی سے پہلے آخری ہل کے ساتھ استعمال کی جائیں۔