گندم کے کاشتکاروں کو فصل کی آخری آبپاشی فوری مکمل کرنے کی ہدایت

جمعہ 24 مارچ 2017 12:59

فیصل آباد۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء)گندم کے کاشتکاروں کو فصل کی آخری آبپاشی فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ کاشتکار رواں ہفتہ کے دورا ن فصل کی آخری آبپاشی مکمل کرلیں جبکہ کاشتکاروں کو کانگیاری سے متاثرہ پودے نکالنے کیلئے فصل کا باقاعدہ معائنہ جاری رکھنے کا بھی مشورہ دیاگیا ہے ۔جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کہاکہ کاشتکار گندم پر سست تیلے کے حملے کی صورت میں زرعی زہریں ہرگز استعمال نہ کریں کیونکہ ان کے اثرات اچھے نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہاکہ ان زہروںسے ماحول آلودہ ہوتاہے اور صحت کے مسائل سمیت مفید کیڑے بھی ختم ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر تیلے کا حملہ شدید ہو تو ٹھنڈے پانی کا سپرے کیاجائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے حالیہ بارشوں کو بھی اس ضمن میں انتہائی مفید قراردیتے ہوئے کہاکہ بارش کی وجہ سے بھی گندم میں سست تیلے کی تعداد کافی حد تک کم ہوجاتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر گندم کی فصل پر چوہوں کا حملہ محسوس ہو تو ان کی تلفی کیلئے زنک فاسفائیڈ کی گولیاں یاڈیٹیا گیس کی ٹکیاں استعمال کی جائیں ۔

انہوںنے کہاکہ تمام کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ ضرورت کے مطابق گندم کی منظور شدہ نئی اقسام کا خالص بیج اپنی کاشتہ فصل سے خود پیداکریں اور منتخب کھیت میں سے غیر اقسام کے پودے نکال دیں۔ انہوںنے کاشتہ فصل سے جڑی بوٹیوں کے علاوہ کانگیاری والے تمام پودے کاٹ کر شاپر میں ڈالنے کے بعد زمین میں دبانے کی بھی ہدایت کی ہے۔