کاشتکاروں کو 15 اپریل تک مونگ پھلی کی کاشت مکمل کرنے کی ہدایت

جمعہ 24 مارچ 2017 12:59

فیصل آباد۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کہاہے کہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ درجہ حرارت مونگ پھلی کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں ہے لہٰذا کاشتکار 15 اپریل تک مونگ پھلی کی کاشت مکمل ، 90فیصد سے زیادہ اگائو کا حامل خالص بیج اور گریوں کے اوپر والے گلابی رنگ کے باریک صحیح سلامت چھلکے کا بیج استعمال کرتے ہوئے بروقت کاشت مکمل کرلیں تاکہ اچھی پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے۔

انہوںنے بتایاکہ پیداوار کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کیلئے معیاری بیج کااستعمال انتہائی اہمیت کاحامل ہے ۔انہوںنے کہاکہ اگر بیج پرانا ہو ، پھلیوں سے دانے زیادہ دیر پہلے نکلے ہوئے ہوں یا گریوں کے اوپر والا گلابی رنگ کاباریک چھلکا صحیح سالم نہ ہو اور بیج ٹوٹاہواہو تو اس کے اگنے کی صلاحیت ختم ہو جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ شرح بیج 50کلوگرام پھلیاں یا 30کلوگرام گریاں فی ایکڑ رکھنا ضروری ہے تاکہ پودوں کی فی ایکڑ مطلوبہ تعداد 60 سے 65ہزار حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

انہوںنے کہاکہ باری 2000اور گولڈن اقسام انتہائی شاندار فصل کی حامل ہیں جو نہ صرف کیڑے مکوڑوں کے حملوں کے خلاف بھرپور قوت مدافعت رکھتی ہیں بلکہ خشک سالی اور دیگر بیماریوں سمیت موسمی حالات کا بھی مؤثر طریقے سے مقابلہ کرتی ہیں۔