صدر پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حل کی یقین دہائی کا خیرمقدم

ممنون حسین کا بیان حوصلہ افزااورنیک شگون ہے ،ْشبیر شاہ،جاوید میر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر کشمیری عوام پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت کے مشکور ہیں ،ْ بیان

جمعہ 24 مارچ 2017 12:15

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنمائوںنے مسئلہ کشمیر کے حل سے متعلق صدر پاکستان ممنون حسین کی یقین دہانی اور انکے موقف کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کا محسن ہے اور پاکستان کی حمایت مسئلہ کشمیر کے پٴْر امن اور دائمی حل کیلئے انتہائی ناگزیر ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری شبیر احمدشاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں یوم پاکستان کے موقع پر صدر پاکستان ممنو ن حسین کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حل کی یقین دہانی کرانے اور انکے موقف کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر کشمیری عوام پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت کے مشکور ہیں۔

انہوں نے پاکستان کے عوام اور قیادت کی سیاسی بصیرت پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی سطح پر حمایت کے حصول کیلئے اپنے سفارت خانوں کو متحرک کرے گا اور اپنی کوششوں میں سرعت لائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ دنیائے اسلام میں پاکستان کو ایک کلیدی حیثیت حاصل ہے اور سفارتی کوششوں سے عالمی برادری کی توجہ کشمیر کی طرف مبذول کراکے بھارت کو مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے روکا جاسکتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت جموںوکشمیرمیں کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے فوجی طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہا ہے اور دوسری جانب حریت قیادت کو پابند سلاسل کرکے عوامی جذبات کو دبانے کی کوششیں کررہاہے۔شبیر شاہ نے حریت قیادت کی مسلسل نظر بندی کی مذمت اور ان کی فوری رہائی کیلئے پاکستان کے مطالبہ پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

حریت رہنماء جاوید احمد میر نے ایک بیان میں یوم پاکستان کے موقعہ پر صدر پاکستان ممنون حٴْسین کے خطاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے نیک شگون قراردیا ۔ انہوںنے بھارت پر زوردیا کہ وہ اپنی روایتی ضد اور ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی ترک کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے عملی اقدامات کرے ۔ انہوںنے کٹھ پتلی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دوہری پالیسی کے ذریعے کشمیری عوام حریت پسند قیادت پر قدغن لگا کرآر ایس ایس کے سیاسی خواب کو کشمیر میں پورا کرنے کیلئے موجودہ سرکار میدان ہموار کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔