حریت رہنمائوں کا کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان سے اظہار تشکر

یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت سے روکنے کیلئے حریت رہنمائوں کی نظربندی کی شدیدمذمت جنوبی ایشیائی کے سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے ایک مضبوط پاکستان لازمی ہے ،ْ میر واعظ عمر فاروق

جمعہ 24 مارچ 2017 12:15

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں اپنے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کشمیری عوام کو انکا حق خودارادیت دلانے اور مسئلہ کشمیرکوانکی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے 77ویںیوم پاکستان کے سلسلے میں جاری اپنے تہنیتی پیغام میں پاکستان کے عوام اورحکومت پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان کے سیاسی و معاشی استحکام اور سا لمیت اور خوشحالی کیلئے دعا کی ہے۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جو کشمیری عوام کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی اور مسئلہ کشمیر کو انکی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرانے کیلئے روزاول سے ہی اپنی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جنوبی ایشیائی کے سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے ایک مضبوط پاکستان لازمی ہے اور یہ پاکستان کی حکومت ،عوام اور فوج کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کو ہر قسم کے خطرات سے بچانے اور اسکی سا لمیت کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کرئیں۔

میر واعظ نے کہاکہ برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم قربانیوں اور جہد مسلسل کے نتیجے میں یہ ملک وجود میں آیا ہے۔ادھر فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت رہنمائوںسید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ، محمد یاسین ملک ، مختار احمد وازہ ، ایڈووکیٹ شاہد الاسلام اوردیگر کو نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی شرکت سے روکنے کیلئے گھروں یا تھانوں میں نظربندکرنے کی شدید مذمت کی ۔

انہوںنے کہاکہ یوم پاکستان کی تقریب میں حریت رہنمائوں کی شرکت کئی برسوں سے ایک معمول رہا ہے تاہم انتظامیہ نے رواں برس حریت قائدین اور کارکنوں کو گھروں اور تھانوں میں نظربند کردیا۔ انہوںنے سانحہ پتھری بل اور براک پورہ اسلام آباد میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیریوں کو انکی 17ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان سانحات میں شہید ہونیوالے کشمیریوںکے قاتل اہلکار وں کے خلاف آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے اور متاثرہ خاندان طویل عرصے سے انصاف کے منتظر ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ان سانحات میں شہید ہونیوالے کشمیریوں کے اہلخانہ آج بھی اپنے پیاروں کے قاتلوں کو عدالت کے کٹہرے میں لانے کے منتظر ہیں اور یہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور انصاف پسند اقوام کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر میں قتل عام کے درجنوںواقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ان میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔