حوثیوں کی سرحد پار سے گولہ باری ، سعودی سپاہی اور شیرخواربچہ شہید

نجران اورظہران میں الگ الگ حملوں میں متعددشہری زخمی بھی ہوئے،سعودی وزارت داخلہ

جمعہ 24 مارچ 2017 12:10

حوثیوں کی سرحد پار سے گولہ باری ، سعودی سپاہی اور شیرخواربچہ شہید
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2017ء) سعودی عرب نے کہاہے کہ یمن کے اندر سے بلا اشتعال گولہ باری کے دو الگ الگ واقعات میں ایک سعودی سپاہی اور ایک شیر خوار بچہ شہید ہوگیا۔عرب ٹی وی کے مطابق نجران میں ڈاریکٹوریٹ برائے شہری دفاع کے ترجمان کیپٹن عبداللہ سعید آل فارع نے بتایا کہ شام یمن کے اندر سے حوثی باغیوں کی طرف سے داغے گئے گولے کے نتیجے میں دو سالہ بچہ شہید اور اس کا والد اور بھائی زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ حوثیوں کی طرف سے داغا گیا گولہ نجران میں سقام کالونی میں ایک مکان پر آگرا جس کے نتیجے میں بچہ شہید اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ادھر ایک دوسری اطلاع کے مطابق سرحد پار سے داغے گئے گولے کے نتیجے میں یمن کی سرحد کے قریب جنونی شہر ظہران میں ایک فوجی شہید ہوگیا۔سعودی وزارت داخلہ نے سرحد پار سے حوثیوں کے حملے میں ایک سپاہی اور بچے سمیت دو افراد کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ زخمی ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے جس کی عمر پانچ سال بتائی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :