کراچی،ڈیفنس میں ایک اور گھریلو ملازم کمسن بچے پر تشدد کا انکشاف

گیارہ سالہ علی اصغر کو مالکن نے چھری اور برتنوں سے مار پیٹ کا نشانہ بنایا ، برش کی ضرب لگنے سے سر پھٹ گیا ، مقدمہ درج

جمعہ 24 مارچ 2017 11:44

کراچی،ڈیفنس میں ایک اور گھریلو ملازم کمسن بچے پر تشدد کا انکشاف
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گھریلو ملازم بچے پر تشد کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا ، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچے کو بازیاب کرالیا جبکہ مالک کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ کراچی میں تنگدستی کے ہاتھوں مجبور ماں باپ نے گیارہ سالہ معصوم بیٹے کو ڈیفنس کے گھر ملازم رکھوایا جہاں مشقت کے بدلے پانچ ہزار روپے ماہوار تنخواہ کے علاوہ تشدد بھی ملتا تھا۔

والدین نے کئی بار ملنے کی کوشش کی لیکن مالک نے ملنے بھی نہ دیا۔

(جاری ہے)

پولیس کو شکایت ملی تو بروقت ایکشن لیا گیا اور علی اصغرکو بازیاب کرا کر مالک رضوان شیخ کو گرفتار کرلیا گیا۔ متاثرہ بچے کا کہنا تھا کہ مالکن اسے روز تشدد کا نشانہ بناتی تھی۔ کچھ دن پہلے چھری کھینچ کر ماری جس کی ضرب ہاتھ پر لگی۔ برش مارنے سے سر پھٹ گیا۔ اسی پر اکتفا نہیں مالکن منہ پر کپڑا باندھ کر تشدد کرتی تھی۔ ایم ایل او جناح ہسپتال ڈاکٹر کلیم کے مطابق احمد کے جسم پر جابجا زخموں کے نشان ہیں جو ہفتہ پرانے ہیں۔ پولیس کے مطابق رضوان شیخ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ تفتیش کی روشنی میں ان کی اہلیہ نادیہ کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :