اقوام متحدہ اور امریکا میں یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد ، سیکرٹری جنرل کی شرکت

اپنے قیام سے آج تک پاکستان نے بہت ترقی کی لیکن اب بھی بہت سے چیلنجز حل طلب ہیں،ملیحہ لودھی پاکستان خوبصورت ملک ہے، یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت سے خوشی ہوئی، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ یوم پاکستان جمہوری روایات برقرار رکھنے کی یاد دلاتاہے، اتحاد سے برصغیر کے مسلمانوں کا علیحدہ وطن کا خواب پورا ہوا، پاکستان پرامن ملک ہے، پاکستانی قیادت اور عوام دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے جاری ہے، ملک امن و استحکام کی جانب گامزن ہے امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری کا تقریب سے خطاب

جمعہ 24 مارچ 2017 11:44

اقوام متحدہ اور امریکا میں یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد ، سیکرٹری ..
نیویارک / واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) اقوام متحدہ اور امریکا میں یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی شرکت نے یوم پاکستان کی تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ نیویارک میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے بھی شرکت کی جہاں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی نے ان کا خیرمقدم کیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد ملیحہ لودھی نے صدر ممنون حسین جب کہ نیویارک میں تعینات پاکستانی قونصلر راجہ علی اعجاز نے وزیراعطم نواز شریف کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ تقریب کے دوران ملیحہ لودھی نے قیام پاکستان کے لئے قربانیاں دینے پر قائد اعظم محمد علی اور بر صغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ اپنے قیام سے آج تک پاکستان نے بہت ترقی کی ہے لیکن اب بھی بہت سے چیلنجز حل طلب ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے، یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت سے خوشی ہوئی، پاکستان مہاجرین کی میزبانی میں سب سے آگے رہا۔ واشنگٹن میں بھی پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری کے علاوہ وائٹ ہاؤس ،سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ، امریکی دفتر خارجہ اور اراکین کانگرس نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز پاکستان کے امریکہ میں سفیر اعزاز چودھری نے پاکستانی پرچم لہرا کر کیا جس کے بعد امریکہ اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے ، تقریب میں موجود شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ تھامسن شینن کا کہنا تھا امریکہ اور پاکستان 1947 سے ایک دوسرے کے اتحادی ہیں اور آنے والے چیلنجز کا مل کر مقابلہ کریں گے۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر اعزاز چودھری کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان جمہوری روایات برقرار رکھنے کی یاد دلاتاہے، اتحاد سے برصغیر کے مسلمانوں کا علیحدہ وطن کا خواب پورا ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، پاکستانی قیادت اور عوام دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے جاری ہے۔ ملک امن و استحکام کی جانب گامزن ہے۔ تقریب سے رکن کانگرس اینڈرے رسل نے بھی خطاب کیا ، تقریب کے اختتام پر عشائیہ بھی دیا گیا۔