برطانوی ٹینک اور بکتر گاڑیاں استونیہ پہنچ گئیں

جمعہ 24 مارچ 2017 09:40

برطانوی ٹینک اور بکتر گاڑیاں استونیہ پہنچ گئیں
لندن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) مشرقی یورپ میں نیٹو کی فوجی توسیع کے دائرے میں برطانوی ٹینک اور بکتر گاڑیاں استونیہ پہنچ گئیں۔چیلنجر ٹو اور خود کار ہتھیاروں کے ساتھ 130 یونٹوں پر مشتمل یہ فوجی قافلہ شمالی استونیہ کی بندرگاہ پال ڈیسکی پہنچا جہاں یہ فوجی ساز و سامان اتارا گیا۔طے پایا ہے کہ یہ قافلہ برطانیہ کے ان2 سو اور فرانس کے 50فوجیوں میں شامل ہو جائے گا جو اس سے قبل شہر ٹاپا روانہ کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

برطانوی وزیر دفاع مائیکل فالون نے اعلان کیا ہے کہ سرد جنگ کے بعد مشرقی یورپ میں فوج کی تعیناتی کا یہ ایک بڑا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ کے اختتام تک اس علاقے میں فوجی ساز و سامان کے ساتھ برطانوی فوجیوں کی تعداد 8سو تک پہنچ جائے گی۔اس سے قبل برطانیہ نے مارچ کے وسط میں اپنے فوجیوں کا پہلا دستہ استونیہ بھیجا تھا۔اس دستے میں120 فوجی شامل تھے اور یہ فوجی دستہ ان 800 فوجیوں کا ہی حصہ ہے جو اس علاقے میں تعینات کئے جانے والے ہیں۔برطانیہ سمیت نیٹو کے تمام رکن ملکوں نے 2014میں جب سے کریمیا روس میں شامل ہوا ہے مغربی روس کی سرحدوں پر اپنی فوجی نقل و حرکت میں اضافہ کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :