یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں تقریب منعقد ،ہائی کمشنر سید ابن عباس نے قومی پرچم لہرایا

لندن میں دہشتگرد حملے کے تناظر میں برطانیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی وفاقی وزیر پیر صدر الدین راشدی، اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف علی، خیبرپختونخوا سے پارلیمانی وفد، پاکستان پیس کولیکٹیو کے وفد، میئرز، اور پاکستانی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی

جمعرات 23 مارچ 2017 23:22

یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں تقریب منعقد ،ہائی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) یوم پاکستان کے حوالے سے ایک تقریب لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر قومی پرچم لہرایا گیا۔ تقریب میں سمندر پار پاکستانیوں کے وفاقی وزیر پیر صدر الدین راشدی، اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف علی، خیبرپختونخوا سے پارلیمانی وفد، پاکستان پیس کولیکٹیو کے وفد، میئرز، کونسلرز، کمیونٹی لیڈرز اور پاکستانی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس نے قومی پرچم لہرایا اور صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ اس موقع پر لندن میں دہشتگرد حملے کے تناظر میں برطانیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

(جاری ہے)

پاکستانی ہائی کمشنر نے دہشتگردی کے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برطانیہ کی حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، دہشتگردی کے واقعے کے تناظر میں یوم پاکستان کی تقریب میں روایتی موسیقی کے پروگرام کو منسوخ کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پیر صدر الدین راشدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے ہائی کمیشن اور قونصلیٹ کی جانب سے خدمات کی فراہمی کو سراہا اور حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ یوم پاکستان کے سلسلے میں برمنگھم، بریڈ فورڈ، گلاسگو اور مانچسٹر کے پاکستانی قونصل خانوں میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔