یوم پاکستان کی مناسبت سے پاک آرمی فرنٹیئر کور بلوچستان اورصوبائی حکومت نے صوبے بھر میں پروقار تقریبات کا انعقاد کیا

جمعرات 23 مارچ 2017 22:53

کوئٹہ/اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) یوم پاکستان کی مناسبت سے پاک آرمی فرنٹیئر کور بلوچستان اورصوبائی حکومت نے صوبے بھر میں پروقار تقریبات کا انعقاد کیا جس میں بلوچستان کے غیور عوام نے بھرپوراندازمیں حصہ لیا۔23مارچ کی مناسبت سے ملک کے دوسرے شہروں کی طرح صوبہ بلوچستان میں بھی یوم پاکستان کی صبح کا آغاز فرنٹیئرکور بلوچستان کی تمام ہیڈ کوارٹر ز غازہ بند سکائوٹس ،چمن سکائوٹس، بمبوررائفلز،تفتان رائفلز، ڑوب ملیشیا ،لورالائی سکائوٹس،قلعہ سیف اللہ سکائوٹس، سبی سکائوٹس،میوندرائفلز،دالبندین رائفلز، آواران ملیشیا ، پنجگوررائفلز،مکران سکائوٹس ،نوشکی ملیشیا ،سوئی رائفلز،قلات سکائوٹس اورتمام ونگ ہیڈ کوارٹرز میں نمازفجرکے بعد پاکستان کی خوشحالی اور استحکام کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا اور ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی دٴْعا ئیں کی گئی۔

(جاری ہے)

قائداعظم ریزیڈینسی زیارت میں پرچم کشائی کی پٴْروقار تقریب منعقدکی گئی۔تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت پاک آرمی ایف سی ،پولیس کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ا سکولوں اور کا لجز کے سینکڑوں طلباء وطالبات اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔بلوچستان میں صوبائی حکومت سمیت تمام اضلاع میں یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقد ان پروقار تقریبات میں عوام سبزہلالی پرچم ہاتھوں میں تھمائے امن ریلیوں کا حصہ بنے۔

قومی پرچم لے کر گھروں سے سڑکوں پرآنے والوں میں نوجوانوں کے ساتھ خواتین،بوڑھے اور بچے بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ ان تقریبات میں عوام کی دلچسپی اور تفریح طبع کیلئے دفاع پاکستان سے منسلک ہتھیاروں پر مشتمل سٹالز , رائفل شوٹنگ , گھڑ دوڑ, میراتھن دوڑ, فٹبال اور کرکٹ ٹورنامنٹس منعقد کیے گئے۔ اسکولوں اور کالجز میں ٹیبلوز, خطاطی,ملی نغموں ,خاکوں اور تقریروں کے ذریعے یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

علاوہ ازیں 23 مارچ کی مناسبت سے آئی جی ایف سی میجرجنرل ندیم احمد انجم کی خصوصی ہدایت پرعوام کوصحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے قلات سکائوٹس، غازہ بند سکائوٹس ،آواران ملیشیا ،میوند رائفلز اورڑوب ملیشیا کے زیر اہتمام دوردرازعلاقوں میں فری میڈیکل کیمپوں کا انعقاد کیا گیاجس میں ہزاروں کی تعداد میں عورتوں،بچوں اورمردوں کا معائنہ کیا گیا اورلاکھوں روپے کی مفت ادویات اورراشن تقسیم کی گئیں۔