داعش نے لند ن میں ایوان پارلیمان پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

برطانوی پارلیمان کے قریب حملہ کرنے والا شخص اسلامک اسٹیٹ کا ایک سپاہی تھا،شدت پسند تنظیم کا بیان

جمعرات 23 مارچ 2017 22:52

داعش نے لند ن میں ایوان پارلیمان پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی
لندن/دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ (داعش) نے ایوان پارلیمان کے باہر ہونے والے دہشت گرد حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شدت پسند تنظیم داعش نے برطانوی دارالحکومت لندن میں کیے گئے اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے، جس میں ایک حملہ آور نے ایک پولیس اہلکار سمیت 3 افراد کو ہلاک اور40 کو زخمی کر دیا تھا اور بعد ازاں خود بھی پولیس کی گولیاں لگنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

اسلامک اسٹیٹ سے قریبی وابستگی رکھنے والی ایجنسی اعماق کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق برطانوی پارلیمان کے قریب حملہ کرنے والا شخص اسلامک اسٹیٹ کا ایک سپاہی تھا۔ دریں اثنا حملہ آور کے بارے میں تحقیقات کے دوران 8مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وزیر اعظم ٹیریزا مے نے پارلیمان سے اپنے خطاب میں بتایا کہ اکیلے ہی کارروائی کرنے والا حملہ آور برطانیہ ہی میں پیدا ہوا تھا اور پولیس کو اس کی انتہا پسندانہ سرگرمیوں کا علم بھی تھا۔ آج پارلیمان کی کارروائی کے آغاز پر اس حملے میں مرنے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

متعلقہ عنوان :