یوم پاکستان ہمیں برصغیر کے باشعور اور غیور مسلمانوں کے اس عظیم عہد کی یاد دلاتا ہے،جو انہوں نے 23مارچ 1940کو اکھٹے ہو کر کیا تھا ،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی

جمعرات 23 مارچ 2017 22:48

کوئٹہ۔23مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ یوم پاکستان ہمیں برصغیر کے باشعور اور غیور مسلمانوں کے اس عظیم عہد کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے 23مارچ 1940کو اکھٹے ہو کر کیا تھا اور پاکستان کے نام سے معرض وجود میں آنے والی خوبصورت اور آزاد اسلامی جمہوری مملکت اس عزم و یقین اور لازوال قربانیوں کا ثمر ہے آج ہم اسی عزم کی تجدید کررہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کی مناسبت سے کوئٹہ عسکری پارک میں عسکری میلہ کے افتتاح کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 23مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ، اسپیکر صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی ، صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی ، چیف سیکرٹری بلوچستان شعیب میر ، آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم ، آئی جی پولیس احسن محبوب اور اعلیٰ سول و فوجی آفیسران کے علاوہ عورتوں اور بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا ہے کہ آج ایک خوشحال اور روشن پاکستان کی تعمیر میں ایک ابھرتا اور سنورتا ہوا بلوچستان ایک کلیدی کردار ادا کرر رہا ہے۔ اب نفرتیں پھیلانے والے شرپسند لوگ مایوس ہو چکے ہیں اور انہوں نے بلوچستان کی غیور عوام کے جذبہ حُب الوطنی کے سامنے ہتھیار ڈال دیتے ہیں ۔ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے اور بلوچستان کے نوجوان کثیر تعداد میں پاک افواج میں شامل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کی کامیابی کے باعث وطن عزیز میں دہشتگردی اور شدت پسندی کا خاتمہ ہورہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کی توجہ اور محنت سے ملک بھر میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے ۔انہوں نے اس یقین کا اظہارکیا کہ 2018تک بجلی کی پیداوار میں خود کفالت اور گوادر ایک کامیاب اور مصروف بندرگاہ بن جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری جیسے فقید المثال منصوبے کی تکمیل سے ملک بھر میں قومی یکجہتی اور تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ اس رنگا رنگ اور پُر وقار تقریب میں تمام پر فارمرز بالخصوص بلوچستان کے ہونہار اور باصلاحیت طلباء کی جاندار کارکردگی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی خوشی اور خوش اعتمادی میں کھلے روشن چہرے دیکھ کر روشن پاکستان کی اُمنگوں کو نئی ترنگ ملی ہے۔

گورنر نے یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ عسکری میلہ کے تمام آرگنائزر اور طلباء کی کاوشوں اور جذبہ الوطنی کو سلام پیش کیا۔ آخر میں گورنر بلوچستان کمانڈر سدرن کمانڈ اور صوبائی وزراء کے ہمراہ عسکری میلے میں لگائے گئے اسٹالز کا معائنہ کیا ۔ قبل ازیں مہمانان گرامی کے اعزاز میں طلباء اور فوجی جوانوں نے مختلف آئیٹمز پیش کئے۔