فیصل آباد میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا

جمعرات 23 مارچ 2017 22:37

فیصل آباد ۔23 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) فیصل آباد میںیوم پاکستان ملی جوش وجذبے اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ پاکستان کو خوشحال اور مستحکم بنانے کیلئے کوششوں کوبھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔اس حوالے سے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ڈی سی کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی رانا محمد افضل خاں،رائو کاشف رحیم،مدیحہ رانا،فاطمہ فریحہ،ڈپٹی کمشنر سلمان غنی،سی پی او افضال احمد کوثر،وائس چیئرمین ضلع کونسل خالد پرویز ورک،رانا ذوالفقار اور ڈپٹی میئر شیخ یوسف نے قومی پرچم لہرایا۔

اسسٹنٹ کمشنرزبلاول ابڑو،میرمحمدنواز بھروانہ،شہریار عارف،کنول بتول،ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید،سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ڈاکٹر مظفر جاوید اقبال چشتی،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایف آئی سی ڈاکٹر رائے ذوالفقار،ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر عباس علی کے علاوہ دیگر مختلف محکموں افسران کے افسران اور سٹاف ممبران نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ضلعی پولیس کے چاک وچوبند دستوں نے سلامی پیش کی اور پولیس بینڈپر قومی ترانہ بجایا گیا۔شرکاء نے وطن عزیز کی ترقی وخوشحالی،امن وسلامتی،قومی یکجہتی اور دہشتگردی سے نجات کی خصوصی دعا کی اور بعدازاں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مٹھائی تقسیم کی گئی۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ارکان اسمبلی نے کہا کہ وطن عزیز کو ایک عظیم فلاحی ریاست بنانا ہی ہماری منزل ہے جس کے لئے وزیراعظم محمدنوازشریف کی پرعزم قیادت میں پاکستان ترقی وخوشحالی کی جانب تیز رفتاری سے گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان مناتے وقت ہمیں ملک کی خدمت کے عزم کو مزید پختہ کرنا ہے۔ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء کوحصول پاکستان کے لئے نشان منزل کا تعین ہوا جس کے بعد منظم جدوجہد کے ذریعے سات سال کے مختصر عرصہ میں آزادی نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے دن رات محنت کرنا ہوگی تاکہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد حاصل ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کا بھی تقاضا ہے کہ ہم سب متحد ہو کر وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردارادا اوردہشتگردی سمیت دیگر مسائل سے نجات حاصل کرنے کیلئے قومی یکجہتی کامظاہرہ کریں۔سی پی او افضال احمد کوثر نے قیام پاکستان میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی بقاء اورسلامتی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

علاوہ ازیں یوم پاکستان کوشایان شان طریقے سے منانے کے لئے مختلف تعلیمی اداروں، مذہبی، سیاسی،کاروباری،سماجی ودیگر تنظیموں کی طرف سے مختلف پروگرامز منعقد کئے گئے۔ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شاہرائوں،چوکوں اور دیگر عوامی مقامات پر یوم پاکستان کے حوالے سے بینرز آویزاں کئے گئے تھے۔قبل ازیں دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں وطن عزیز کی سلامتی،بقاء وترقی اور امن وسلامتی کی دعائوں سے ہوا۔

متعلقہ عنوان :