متحدہ عرب امارات میں 77واں یوم پاکستان قومی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم کی عکاسی کی گئی

جمعرات 23 مارچ 2017 22:17

متحدہ عرب امارات میں 77واں یوم پاکستان قومی جوش و خروش کے ساتھ منایا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) متحدہ عرب امارات میں 77واں یوم پاکستان قومی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، اس دن کی مناسبت سے دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم کی عکاسی کی گئی۔ ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے اور دبئی میں قونصلیٹ جنرل کے احاطے میں قومی پرچم لہرانے کی تقاریب ہوئیں۔ سب سے اہم تقریب برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم کی عکاسی کیلئے تھی۔

دبئی فائونٹین کے مقام پر پرائم ٹائم کے دوران تین منٹ کیلئے پاکستانی پرچم کو برج خلیفہ پر ڈسپلے کیا گیا، جس کے ذریعے متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کی پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ تقریب کا آغاز سفیر معظم احمد خان کی جانب سے قومی پرچم لہرا کر کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان کے قومی ترانے کی دھن بھی بجائی گئی جبکہ صدر مملکت اور وزیراعظم کے قومی دن کے حوالے سے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

تقریب میں پاکستانی سکولوں کے طلباء و طالبات اور کرسچن کمیونٹی نے قومی ترانے گائے۔ اس موقع پر پاکستانی برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے معظم احمد خان نے مادر وطن کی آزادی کیلئے برصغیر کے مسلمانوں کی جانب سے دی گئی قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کے نتیجے میں یہاں کے لوگوں کو مساوات کے اصولوں پر زندگی گزارنے کی آزادی ملی جہاں ان کیلئے انصاف اور مساوی مواقع میسر آئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک طویل جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں وجود میں آیا، اب ضروری ہے کہ صبر اور برداشت کے جذبے کو فروغ دیا جائے جو جمہوریت کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت ہر شہری کیلئے آزادی، برابری اور سماجی انصاف کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔