ْدی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں یوم قرار دا دپاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد

جمعرات 23 مارچ 2017 22:17

فیصل آباد ۔23 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں یوم قرارد اد پاکستان کے حوالے سے ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبد المجید ، ڈین فیکلٹی آف میڈیسن اینڈ الائیدہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید دیگر فیکلٹی ممبران ، سٹاف اور طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

مہمان مقرر ا سلامیہ کالج سول لائنز لاہور سے پروفیسر سید یوسف عرفان ، یونیورسٹی کی ادبی سوسائٹی کی صدر مسز راحت اسدو دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ23 مارچ1940 ء برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ میں اہم ترین دن ہے۔ یہ تجدید عہد کا دن ہے کہ ہر پاکستانی اپنے ملک کی تعمیرو ترقی کیلئے اپناکردار بطریق احسن ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

ترقی یافتہ اور خوشحال اسلامی جمہوریہ پاکستان جس کا خواب علامہ محمد اقبال ؒاور قائد اعظم ؒ نے دیکھا تھا اسکی تعبیر کیلئے ضروری ہے کہ تمام پاکستانی بالخصوص نوجوان طلبہ و طالبات اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بعد قومی ترقی میں اپنا کردار حب الوطنی کے جذبے کیساتھ محنت اور ایمانداری سے ادا کریں۔

بعد ازاںطلبہ و طالبات نے ملی نغمے گائے اور ٹیبلوز پیش کئے۔ تقریب کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی و ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔