کے پی کے پولیس فورس پیشہ ورانہ اعتبار سے بین الاقوامی سطح پر قابل تقلید فورس بن کر ابھری ہے ،سید اختر علی شاہ

جمعرات 23 مارچ 2017 21:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) خیبر پختونخواکے قائم مقام انسپکٹرجنرل آف پولیس سید اختر علی شاہ نے کہا ہے کہ کے پی کے پولیس فورس پیشہ ورانہ اعتبار سے بین الاقوامی سطح پر قابل تقلید فورس بن کر ابھری ہے ۔ دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن فورس کا کردار ادا کرنے والی خیبر پختونخواپولیس فورس کی لازوال قربانیوں کی بدولت صوبے کا پرامن روایتی ماحول پھر سے بحال ہوگیا ہے۔

صوبے کو ناجائز ہتھیاروں سے پاک کرنے کی مہم میں پہل کرتے ہوئے کوہاٹ پولیس نے عوامی رابطہ مہم کی جو مثال قائم کررکھی ہے وہ دیگر اضلاع میں بھی قابل عمل بنایا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوہاٹ کے پہلے دورے کے موقع پر پولیس کلب کوہاٹ میں ڈی آر سی ممبران کیساتھ منعقدہ اجلاس اور پال آفس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن اول خان،ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال،ایم پی اے ضیاء اللہ خان بنگش،ایس پی آپریشنز کوہاٹ طارق محمود ،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عبدالرشید ،ڈی ایس پی سٹی رضا محمداور دیگر پولیس حکام بھی انکے ہمراہ تھے۔قبل ازیں قائمقام آئی جی پی سید اختر علی شاہ نے کوہاٹ میں پشاور ہائی کورٹ کے سابق رجسٹرار سیدمصدق علی شاہ گیلانی کے جنازے میں شرکت کی اور انکے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی ایصال ثواب اور بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

پولیس اسسٹنس لائنز کوہاٹ میں عوامی سہولیات کیلئے قائم مختلف کائونٹرز کا معائنہ کرتے ہوئے آئی جی پی نے انچارج پال آفس انسپکٹر اسحاق گل سے کائونٹرز کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ لی اور عوامی مسائل نمٹانے کے سلسلے میں پال آفس کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ پولیس کلب میں منعقدہ اجلاس کے دوران انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا سید اختر علی شاہ نے ڈی آر سی ممبران پر زور دیا کہ وہ قانون اور انصاف کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ظالم کا ہاتھ روک کر مظلوم کی داد رسی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ روزمرہ کے معاملات میں پولیس ہر سطح پر عوام کی مشکلات اور مسائل کا زالہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ روایتی تھانہ کلچر کو عوام دوست پولیسنگ کی حکمت عملی کے ذریعے تبدیلی کی طرف گامزن کردیا گیا ہے اور پولیس جوانوں کو عوام کیساتھ باہمی تعلقات میں حسن اخلاق کو اپنا شعار بنانے کی تاکید کردی گئی ہے۔میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے قائمقام آئی جی پی کا کہنا تھا کہ پولیس جوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور انکی تمام ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنا میرا فرض اولین ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشتگردی سمیت نت نئے چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کرکے عالمی سطح پر اپنا لوہا منوا لیا ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔غیر قانونی اسلحہ رضاکارانہ طور پر حکومت کے حوالے کرنے کی مہم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں آئی جی پی نے کہا کہ کوہاٹ پولیس نے علاقے کو غیر قانونی ہتھیاروں سے پاک کرنے کے اقدامات میں پہل کرتے ہوئے جس طرح مثالی کارکردگی کا ثبوت دیا ہے وہ دیگر اضلاع کیلئے بھی قابل تقلید بن چکی ہے اور اس سلسلے میں صوبے بھر کی پولیس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

پولیس کلب میں منعقدہ اجلاس سے سابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سید ابن علی ،سابق رکن قومی اسمبلی وچئیر مین سنی سپریم کونسل کوہاٹ جاوید ابراہیم پراچہ اور ڈی آر سی ممبر شاہد زمان نے بھی خطاب کیا اور انہوں نے پولیس میں ہونے والے اصلاحات کو سراہتے ہوئے عوام کے باہمی تنازعات اور مسائل کے حل میں ڈی آر سی کے کردار کو مسلمہ قرار دیا۔کوہاٹ آمد کے موقع پرپولیس کلب میں قائمقام انسپکٹرجنرل آف پولیس سید اختر علی شاہ کا پرتپاک اسقبال کیا گیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پی کو سلامی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :