جماعت اسلامی چور مچائے شور کے نعرے پر عمل پیرا ہے، سردار حسین بابک

جمعرات 23 مارچ 2017 21:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی چور مچائے شور کے نعرے پر عمل پیرا ہے اور اپنی ذیلی تنظیم آئی جے ٹی کی غنڈہ گردی پر پشیمان ہونے کے بجائے اُنہیں بچانے کیلئے جواز ڈھونڈ رہی ہے۔ اپنے ایک بیان میں اُنہوں نے کہا کہ جبر اور غنڈہ گردی کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے پختون ایس ایف کے طلباء فخر افغان باچا خان بابا کے سپاہی ہیں اور اُنہیں امن اور محبت کا درس سکھایا گیا ہے جبکہ اس کے برعکس جماعت اسلامی کے رہنماؤںکو جمعیت کی انتہا پسندانہ سوچ رکھنے والوں کو روکنا ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور اُس کی تمام ذیلی تنظیمیں اپنی دہشتگردانہ سوچ کو جبر کے ذریعے عام کرنے کی سیاست پر عمل پیرا ہیں۔

(جاری ہے)

اور یہی وجہ ہے کہ سارے ملک کی دیواروں کو مختلف نعروں سے گندا کرنے کے باوجود عوام میں کوئی مقام نہیں بنا سکی۔ اُنہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو یونیورسٹی میں جمعیت کی غنڈہ گردی کو ختم کرنا ہوگی۔ تعلیم کے پر امن ماحول کو خراب کرنے والے جمعیت کے کارکن امن اور رواداری اپنائیں، قانون ہاتھ میں لینے والوں کیساتھ نرمی برتنا اُن کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ہم نصابی سرگرمیاں جاری رہنی چاہئیں تاکہ طلباء اپنی قومی تاریخ اور کلچر سے روشناس ہو سکیں اور اسی فلسفے پر عمل پیرا پختون ایس ایف کے کارکن تعلیمی اداروں میں مثبت سوچ کے فروغ کیلئے سرگرم ہیں۔ سردار حسین بابک نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پنجاب یونیورسٹی ایک عرصہ سے آئی جے ٹی کے نرغے میں ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبہ پنجاب میں تعلیمی ماحول پر انتہائی برے اثرات پڑے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ملزموں کے تعین میں مصلحت کی پالیسی سے کام لیا گیا تو مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنا مشکل ہے۔ اُنہوں نے کہا جماعت اسلامی کی ناکامی اور بربادی کیلئے صرف آئی جے ٹی ہی کافی ہے۔ مذہب کے نام پر اجارہ داری قائم کرنے والوں کو مستقبل میں بھی منہ کی کھانی پڑے گی کیونکہ انتہا پسندانہ سوچ رکھنے والوں کی اصلیت عوام بخوبی جانتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :