وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی حیات آباد میں امن و امان، صفائی، نکاسی آب سمیت رہاشیوں کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت

جمعرات 23 مارچ 2017 21:24

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی حیات آباد میں امن و امان، صفائی، نکاسی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے حیات آباد میں امن و امان، صفائی، نکاسی آب، سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے اور یہاں کے رہاشیوں کو درپیش دیگر مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اس شہر کو خوبصورت بنانے پر ہماری حکومت کی خاص نظر ہے اور ہماری کوشش ہے کہ یہاں کے مکینوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں رکن صوبائی اسمبلی یاسین خان خلیل کی سربراہی میں حیات آباد سے تعلق رکھنے والے 30رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جبکہ وفد میں منتخب بلدیاتی نمائندے اور علاقہ عمائدین بھی شامل تھے۔اس موقع پر ڈی جی پی ڈی اے، ڈی سی پشاور، سی ای او ،ڈبلیو ایس ایس پی سمیت محکمہ صحت ، لیبر، ٹرانسپورٹ، ازمک، ایچ ایم ایل ایل سی و دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران وفد نے حیات آباد میں عوام کو درپیش بنیادی مسائل سے آگاہ کیا اور انکے حل کے لئے وزیر اعلیٰ سے اقدامات اٹھانے کی درخواست کی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ حیات آباد میں قبرستان اور کمیونٹی سنٹر سے پولیس کو کسی اور جگہ منتقل کر نے کا بندوبست کیا جائے اور پی ڈی اے اس سلسلے میں پولیس چوکی کے لئے کہیں اور پلاٹ ڈھونڈیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی اے نکاسی آب کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے اور اگر اس سلسلے میں ان کو اختیارات استعمال کرنے کا کوئی مسئلہ ہو تو اس سلسلے میں منظوری کیلئے انہیں کیس بھیجا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سیف حیات آباد سٹی کے منصوبے میں باؤنڈری وال تقریباً جولائی کے اواخر تک مکمل ہو جائے گی جبکہ امن و امان کی بہتری کے لئے انہوں نے پولیس اور پی ڈی اے حکام کو ملکر حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ شہر میں چھوٹے نالوں پر پیدل عوام کی آمد و رفت کے لئے چھوٹے پل بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں جبکہ عوام کو چوبیس گھنٹے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو بھی ہر حالت میں ممکن بنایا جائے۔ حیات آباد کے داخلی ٹرانسپورٹ کے بارے مین وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مجوزہ میٹرو منصوبے میں سات روٹس شامل ہیں جو حیات آباد سے بھی گذریں گے جن پر 300گاڑیاں چلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مذکورہ ٹرانسپورٹ کمپنی سے حیات آباد میں بھی یہی ائیرکنڈیشن بس چلانے کے لئے بات کی جائے گی اور دوسری تجویز کے تحت اگر پی ڈی اے خود کسی ٹرانسپورٹ کمپنی سے بات کر سکتی ہے تو وہ بھی ٹھیک ہو گا اس سلسلے میں انکی اجازت کی ضرورت کے پیش نظر انہیں کیس بھیجا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ہیلتھ کارڈ کے تحت علاج معالجے کا نظام گذشتہ ہفتے سے شروع ہوا ہے اور وہاں پر شام کے وقت بھی ڈاکٹر اب موجود ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حیات آباد کی تمام سٹرکوں کی تعمیر کو اس دور حکومت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے ڈبلیو ایس ایس پی کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں درکار ٹیوب ویلوں کے لئے سروے کرے تاکہ پی ڈی اے وہاں پر نئے ٹیوب سیل لگائے جبلہ بوسیدہ پائپوں کو تبدیل کرنے کے لئے بھی انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو حیات آباد میں اشیائے خورد و نوش کے نرخوں کو کنٹرول کرنے اور گراں فروشی کے خلاف اقدامات اٹھانے کا بھی حکم دیا۔

انہوں نے لیبر کالونیوں میں صفائی کے لئے محکمہ لیبر کے حکام سے کہا کہ وہاں پر تعینات خاکروبوں کو ٹاؤن انتظامیہ کے حوالے کیا جائے تاکہ بہتر انداز میں وہاں پر صفائی کا نظام چل سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لیبر کالونی میں قائم کمیونٹی ھال کو خواتین اور مردوں کے لئے علیحدہ دو حصوں میں تقسیم کیا جائے اور اس کی تعمیر و مرمت کا بھی بندوبست کیا جائے جبکہ باغ تاران اور تاتارا پارک میں ایک ونگ فیملی کے لئے مختص کرنے کے سلسلے میں بھی انہوں نے پی ڈی اے کو اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :