پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین کا عثمان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کا دورہ

جمعرات 23 مارچ 2017 21:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینئر جاوید سلیم قریشی نے جمعرات 23فروری 2017کونامور انجینئرز کے ایک وفد کے ہمراہ عثمان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کا دورہ کیا جہاں انھوں نے ادارے کے طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کی۔انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کرنے والے وفد کے دیگر اراکین میں پی ای سی کی چیئرمین ٹاسک فورس کمیٹی کے کنوینر انجینئر عامر ظہیر احمد، بورڈ آف گورننس کے اراکین انجینئر ایاز مرزا، انجینئر تقصیر احمد خان، انجینئر ادریس خان، انجینئر فرہاد عادل، نیسپاک کے سابق صدر اور بورڈ آف گورننس کے سابق رکن ڈاکٹر سروش لودھی اور چیئرمین انٹرنیشنل افیئرز، آئی ای پی، انجینئر سہیل بشیر شامل تھے، خطبہ استقبالیہ میں عثمان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ظہیر علی سید نے انجینئرنگ کمیونٹی کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے پی ای سی کی جانب سے کی گئی کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ظہیر علی سید نے انجینئرز کی ترقی کے عزم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پی ای سی کے چیئرمین کو عثمان انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ای سی کے چیئرمین انجینئر جاوید سلیم قریشی نے کہا کہ’’ انجینئرز حکومت ، انڈسٹری اور معاشرے کو درپیش مشکلات کے حل کے ذریعے معاشی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کررہے ہیں۔

انجینئرز نے جدید اختراعی مصنوعات اور خدمات کے ذریعے ہماری زندگیوں کو آسان، محفوظ اور تیز تر بنا دیا ہے،‘‘انھوں نے انجینئرز سے درخواست کی کہ وہ ہمیشہ اعلیٰ اخلاقیات کو ملحوظِ خاطر رکھیں اور بہتر شہری اور مخلص پروفیشنل بنیں۔ انھوں نے کہا: ’’ آپ کوہر وقت میرٹ ، شفافیت اور تحفظ کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھانا چاہئیں اور ایسے ڈیزائن بنانا چاہئیں جن سے بہترین معاشی فوائد حاصل ہوں۔

آپ کورنگ، نسل، جنس، مذہب، زبان اور فرقے کی بنیاد پر بدعنوانی، عصبیت اورجانبداری سے احتراز برتنا چاہیے۔‘‘انھو ں نے پی ای سی کی جانب سے انجینئرز کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ ان میں سپروائزی لائسنس کے ذریعے نئے انجینئرز کے لیے 5000ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنا ، انجینئرز کی آن لائن رجسٹریشن، ٹھیکیداروں ، کنسلٹنٹ اور ڈیویلپرز کی جانب سے اہل انجینئرز کی تعیناتی کو یقینی بنانا، انجینئرز کو آجروں سے رابطے میں آسانی فراہم کرنے کے لیے جاب پورٹل کا قیام اور انجینئرز کے سروس ڈھانچے اور دیگر ملکی مسائل کے حل کے لیے تھنک ٹینک گروپ انسٹی ٹیوشن کا قیام شامل ہیں۔

اس موقع پر انجینئر عامر ظہیر احمد نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب میں یو آئی ٹی انتظامیہ ، اساتذہ اور طلبہ نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں طلبہ اور اساتذہ نے وفد کے ارکان سے آزادانہ تبادلہ خیال کیا اور کئی اہم اور متعلقہ امور پر ان کی رائے سے واقفیت حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :