قرارداد پاکستان کا مقصد مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرنا تھا، امت مسلمہ میں سب بڑی مظلوم عافیہ صدیقی ہے، اسداللہ بھٹو

جمعرات 23 مارچ 2017 21:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) جماعت اسلامی، پاکستان کے نائب امیر اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ 23 مارچ کی قرارداد پاکستان کا مقصد مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرنا تھا، اس وقت ملک اور امت مسلمہ میں سب بڑی مظلوم عافیہ صدیقی ہے جس پر جھوٹے الزامات عائد کرکے امریکہ نے 86 سال کیلئے اپنی قید میں رکھا ہوا ہے جوکہ امریکی عدالتی نظام کا ایک شرمناک باب اور بدنما داغ ہے۔

یوم پاکستان کے موقع پر عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کے رہنما?ں نے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عافیہ کی جلد واپسی کے لئے اقدامات کرے۔ اسداللہ بھٹو نے کہا کہ جب ہم پاکستان کے دفاع، استحکام اور خوشحالی کا عہد کرتے ہیں تو ضروری ہے کہ اس موقع پرمظلوم عافیہ کو بھی یاد رکھیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ فنکشنل کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے کہا کہ یوم پاکستان پر قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو فراموش کرنا ممکن نہیں ہے۔ ایسے موقع پر عافیہ کی قیدناحق شرمندگی کا باعث ہے۔ حکومت پاکستان کا بہن بیٹیوں کے حوالے سے کردار سوالیہ نشان ہے۔ عافیہ کے معاملے میں حکمرانوں کے کردار پر تاریخ معاف نہیں کرے گی۔ حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عافیہ کو وطن واپس لائے۔

تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے کہا کہ عافیہ قوم کی بیٹی ہے جس کی14 سال سے قید ناحق پر ہم شرمندہ ہیں۔ حکمران بہن بیٹیوں کے معاملے میں حیا کا مظاہرہ کریںاور مزید وقت ضائع نہ کریں۔ حکمرانوں کو عافیہ کی وطن واپسی کیلئے عوام کے مطالبہ کا انتظار نہیں کرنا چاہئے، یہ ملک کے وقار کا مسئلہ ہے۔ اگر حکمرانوں نے عافیہ کے معاملہ میں وعدہ پورا نہ کیا تو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں انشائ اللہ عافیہ کی وطن واپسی ہوگی۔

پاسبان پاکستان کے سینئر نائب صدر اعظم منہاس نے کہا کہ قیام پاکستان کیلئے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی گئیں ہیں۔ہمارے بزرگوں نے ما?ں بہنوں کی عصمتوں کے تحفظ کیلئے پاکستان بنایا تھا۔ ایٹمی قوت کے حامل ملک کے حکمران کمزوری کیوں دکھا رہے ہیں۔ یوم پاکستان کے موقع پر قومی پرچم کو سلامی دینے والے ہاتھوں میں ایک خط لکھنے کی قوت نہیں ہے۔

ن لیگ کی قیادت بیٹیوں کے درمیان اپنے اور پرائے کا فرق نہ کرتی تو عافیہ کئی برس پہلے وطن واپس لوٹ چکی ہوتی۔ آل کراچی تاجر اتحادکے چیئرمین عتیق میر نے کہا کہ قرارداد پاکستان پکار پکار کر کہہ رہی ہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی قید سے آزاد کرایا جائے۔ اسلامی ریاست کے حکمران بیٹی کو آزاد کرانے کیلئے خاموشی کا قفل توڑیں اور ثابت کریں کہ وہ اپنی قوم کی بیٹیوں کے تقدس کا جذبہ رکھتے ہیں۔

سنی تحریک کے ترجمان اورمرکزی رابطہ کمیٹی کے رکن فہیم شیخ نے آج یوم پاکستان ہے اور قوم کی معصوم بیٹی ڈاکٹر عافیہ امریکہ کی قید ناحق میں ہے۔ حکومت مظلوم بیٹی کی وطن واپسی کیلئے فوری طور پر خط لکھے۔ حکومت پاکستان کا بے گناہ پاکستانی شہری عافیہ کی رہائی کیلئے اقدامات نہ کرنا ملکی خود مختاری پر سوالیہ نشان ہوگا، پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی رہنما رضا ہارون نے کہا کہ عافیہ کے معاملے پر حکومت اپنے کردار پر نظر ثانی کرے اور ان کی جلد وطن واپسی کیلئے اقدامات کئے جائیں، حکومت عافیہ کی وطن واپسی کیلئے ان کے اہلخانہ کی طرف سے جوکوششیں جاری ہیں ان میں مکمل معاونت کرے اور امریکی حکام سے عافیہ کی رہائی کیلئے مذاکرات کا آغاز کیا جائے۔