گورنر سندھ محمد زبیر کی صوبائی کابینہ اراکین کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

فاتحہ خوانی کی‘مزار پر رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں عظیم رہنما ء کیلئے تاثرات درج کئے

جمعرات 23 مارچ 2017 21:05

گورنر سندھ محمد زبیر کی صوبائی کابینہ اراکین کے ہمراہ مزار قائد پر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے گورنر سندھ محمد زبیر نے صوبائی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔مزار پر رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں عظیم رہنما ء کے لئے اپنے تاثرات بھی درج کئے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی عظیم قیادت میں تمام تر سازشوں کے باوجود مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن حاصل کیا تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان لا زوال قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل ہوا،آج کا دن ہمیں پاکستان کے لئے عملی جدوجہد کے آغاز کی یاد دلاتا ہے جبکہ ملک کے موجودہ حالات ہم سے بھرپور قومی یکجہتی اور اتحاد کا تقاضہ کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن ہمیں ملکی استحکام ، اتحاد و اتفاق اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم کرنا چاہئے،ہمیں ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کے استحکام و ترقی کو فوقیت دیتے ہوئے آگے بڑھناہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ بابائے قوم کے ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مل کر کام کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :