یوم پاکستان کے سلسلے میں جنوبی پنجاب بھر میں سرکاری ونجی سطح پرتقریبات کا انعقاد

جمعرات 23 مارچ 2017 20:56

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) یوم پاکستان کے سلسلے میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں سرکاری ونجی سطح پرتقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ضلعی گورنمنٹ کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مرکزی تقریب پرچم کشائی ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی ،جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ وطن عزیز ہمارے بزرگوں نے بے پناہ قربانیاں دیکر حاصل کیا ہے 23مارچ ہمیں اس عزم پر مزید پختہ کرتا ہے کہ ہم اس دھرتی کی حفاظت اور ترقی کیلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان تحریک آزادی کے شہداء اور رہنمائوں کو خراج تحسین پیش کر نے کا دن ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ یوم پاکستان کی مرکزی تقریب پرچم کشائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں میئر ملتان نوید الحق ارائیں ،ضلعی آفیسران و اراکین اسمبلی کے علاوہ سول سو سائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ نے کہا کہ 23مارچ کا دن یہ تقاضا کرتا ہے کہ ہم سب اپنی زبان اور عمل سے ملک سے اپنی محبت کا ثبوت دیتے ہوئے دشمن طاقتوں کا مقابلہ کریں گے۔ بحیثیت پاکستانی ہم سب قیام پاکستان کیلئے جد و جہد کر نے والوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ موجودہ ملکی حالات میں قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو نے کی اشد ضرورت ہے مکار دشمن ہمیں چاروں طرف سے گھیر رہا ہے تاہم پاکستان قوم کے حوصلے اور عزم کو کوئی پاش پاش نہیں کرسکتا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میئر ملتان چوہدری نوید الحق ارائیں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے 23مارچ کو شایان شان طریقے سے منا نے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد قومی یکجہتی کو فروغ دینا اور نئی نسل تک بزرگوں کی قربانیوں کو پہچاننا ہے۔ نوید الحق ارائیں نے کہا کہ وطن عزیز پر بری نظر ڈالنے والوں کو عبرت ناک انجام سے دو چار کریں گے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر آفس میں تقریب پرچم کشائی کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء نے بھر پور ملی جذبے سے شرکت کی۔

تقریب کے دوران پرچم کشائی سے قبل سائرن بجا ئے گئے اور قومی ترانے کی دھن پر شاندار پریڈ کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔دریں اثناء سابق ایم این اے شیخ طارق رشید، سینئر مسلم لیگی رہنما ملک انور علی نے کہا ہے کہ23 مارچ یوم قرارداد تاریخ سازاور تجدید عہد وفا کا دن ہے۔ میاں نواز شریف پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنا نے کے لیئے کوشاں ہیں۔

آج کے دن ہم نے قائد اعظم کے افکار کے مطابق میاں نواز شریف کی قیادت میں ملکی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چئیرمین یوسی 9 شیخ ندیم اکبر کی رہائش گاہ پر قرارداد پاکستان کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرچئیرمین یوسی 9 شیخ ندیم اکبرنے کہا کہ 23 مارچ تجدید عہد کا دن بھی ہے کہ ہم یکجا و یکجان ہوکر اس ملک کی خاطر، پاکستان کی خاطر وطن عزیز کی سلامتی کیلئے، وہ کرداراداکریںجو اس کے قومی وقار کا تقاضا ہو۔

اس موقع پر شیخ ہاشم رشید،شیخ عبید الرحمان، شیخ اصغراکبر، شیخ ریاض، ودیگر نے بھی خطاب کیا اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ چئیرپرسن سوشل ویلفئر فسیلٹیشن کمیٹی سینئر مسلم لیگی رہنما افشین بٹ نے کہا ہے کہ قرار داد پاکستان کے اغراض و مقاصد کی تکمیل اور قائد اعظمؒ اور دیگر قومی رہنماؤں کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہمیں پھر سے ایک قوم بننا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 74 سال گزرنے کے بعد ایک بار پھر ہمیں اپنے اندر 23 مارچ 1940 ء کا جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن مینیارٹی ونگ کے زیر اہتمام یوم قرار داد پاکستان کی خصوصی تقریب شاب پبلک سکول ممتاز آباد میں منعقد کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل جاوید یاد اور چئیرمین میونسپل کارپوریشن منیارٹی ڈاکٹر ثاقب دل آویز نے کہا کہ مسیحی برادری قائد اعظم کے مشن کے مطابق ملک وقوم کی ترقی کی خواہاں ہے۔

ملک میں قیام امن کے لیئے افواج پاکستان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ملک میں تخریب کاری کے خاتمے کے لیئے ہمیں یکجہتی اور مثبت ،تعمیری فکر کی ضرورت ہے۔ یوم قراردادپاکستان کے موقع پر دفاع پاکستان کا عزم کرتے ہیں۔اور ملک وقوم کی ترقی کے لیئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ سبیتاثاقب،ودیگر سٹاف نے شرکت کی اس موقع پر یوم قرارداد پاکستان کا کیک بھی کاٹا گیا۔

ایم پی اے و چیئر پرسن سٹینڈنگ کو نسل محکمہ عشر وزکوة سلطانہ شاہین نے کہا ہے کہ یوم قراردادپاکستان تاریخ سازاور تجدید عہد وفا کا دن ہے۔ ہم نے آج یہ عہد کرنا ہے کہ ہم وطن عزیز کو قائد کا حقیقی پاکستان اور اقبال کے خواب کی عملی تعبیر بنائیں گے۔ہمیںقرارداد پاکستان سے سبق لینے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وومن ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام حفیظ گھی اینڈجنرل ملز کے اشتراک سے دی کیمبرج سکول میں یوم قرار داد پاکستان کے سلسلہ میں منعقدہ سالانہ استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ،ضلعی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن شیخ اطہر ممتاز، سابق ایم پی اے بابو نفیس احمد انصاری نے کہا کہ پاکستان ہمارے لئے ایک بہت بڑی نعمت ہے۔افواج پاکستان نے ملک کے دفا ع کو نا قابل تسخیر بنایا ہمیں آج کے دن انکے شانہ بشانہ چلنے کا عزم کرنا ہے۔ مہمان خصوصی مارکیٹنگ منیجر شمع بنا سپتی عمران اعظمی، سابق ایم پی اے شاہد محمود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج ہما را فخر اور ہمارا اثاثہ ہے یوم پاکستان کے موقع پر ہم ردالفساد آپریشن کی حمایت کا عزم کرتے ہیں۔

ماہر تعلیم پروفیسر امتیاز بلوچ، ماہر تعلیم حافظ نسیم احمد قریشی، کو آرڈینیٹر دی کیمبرج سکول مخدوم محمد عرفان رفیع ،صدر وومن ویلفیئر آرگنائزیشن مسز نادیہ کنول،ضرار خان،نائب صدر مسلم لیگ ن ضلع ملتان عابد باکسر، اشرف سروہا،چوہدری آصف ،صدرپاکستان رائٹرز ونگ محمد عبداللہ،،شبانہ ارم، غزالہ راو، حسین نسیم،میڈم حمیرا رفیع ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

جبکہ اس موقع پر ماڈرن پبلک گرلز ہائی سکول اور دی کیمبرج پبلک سکول کے طلبا و طالبات نے تقریری ، ملی نغموں کے مقابلے میں حصہ لیا۔ اور ٹیبلو بھی پیش کیئے۔نمایاں کا رکردگی کا مظاہرہ کر کے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا وطالبات میں انعامات تقسیم کیئے گئے جبکہ تمام شرکا ء مقابلہ بچوں کو حوصلہ افزائی کے انعامات بھی دیئے گئے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق ایم پی اے شاہد محمود خان نے کہا ہے کہ قرارداد پاکستان ہی قیام پاکستان کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔

قرارداد پاکستان یوم تجدید عہد ہے۔ ہمیں ملکی ترقی کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا اورکرپشن کے نا سور کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف اور اشراق فاونڈیشن کے زیر اہتمام یوم قرار داد پاکستان کے حوالے سے منعقدہ ہم سب کا پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ضرار خان،ملک عدنان ڈوگر، سلیم اللہ خان، صدر اشراق فاونڈیشن شمائلہ ایاز، دانش بھٹی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان اور ملتان کریسنٹ لائنز کلب کے زیراہتمام شمع بناسپتی کے تعاون سے 23 مارچ یوم قرارداد پاکستان کے سلسلے میں سلام پاکستان ایوارڈز 2017ء کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کالجز کے طلباء وطالبات میں تقاریر اور ملی نغموں کے مقابلے ہوئے اور جیتنے والے طلباء وطالبات کے علاوہ ممتاز علمی، ادبی، سیاسی وسماجی خدمات سرانجام دینے والی شخصیات میں سلام پاکستان ایوارڈ 2017ء تقسیم کئے گئے۔

تقریب کے مہمانان خاص میں سابق سپیکر قومی اسمبلی سید فخر امام، سیاسی وسماجی رہنما مخدوم زوہیب گیلانی، ماہرین تعلیم پروفیسر نسیم شاہد، پروفیسر حمید رضا صدیقی، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم اور مارکیٹنگ منیجر شمع بناسپتی عمران اعظمی شامل تھے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے فخر امام، زوہیب گیلانی اور نعیم اقبال نے کہا کہ پاکستان ہمارا فخر اور پہچان ہے اس کی سربلندی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

پاکستان عطیہ خداوندی ہے اس کی حفاظت ہم سب کا ملی ومذہبی فریضہ ہے، پاکستان کی ترقی میں ہی ہماری ترقی وبقائ کا راز پوشیدہ ہے۔ پروفیسر حمید رضا صدیقی، نسیم شاہد اور عمران اعظمی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لئے معرض وجود میں آیا کوئی بھی دشمن ایٹمی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا، پاکستانی افواج اور عوام پاکستان کے لئے ناپاک عزائم رکھنے والوں کے خواب چکناچور کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اس موقع پر مقابلہ تقریر میں اول حدیقہ اسلام، دوم انعم علی، سوم عفیفہ اور علی عمران رہے جبکہ ملی نغموں میں اول شاہد عباس، دوم مبشر اقبال اور سوم نعمان حیدر رہے دیگر شرکائ میں محمد طاہر، عبدالرحمن، عدیل اعجاز، بابر، ذیشان، طلحہ، شاہ زیب اور ارمان علی میں انعامات جبکہ مہمان گرامی سید فخر امام، پروفیسر حمید رضا، مخدوم زوہیب گیلانی، پروفیسر نسیم شاہد، زاہد حسین گردیزی، سبطین رضا، نعیم اقبال، عمران اعظمی، وقاص فرید، اساتذہ پروفیسر محمد ارسلان، پروفیسر مختیار علی، پروفیسر شازیہ غفور، پروفیسر تحسین، پروفیسر نورین اور ملک منظور تھہیم میں سلام پاکستان ایوارڈ 2017ئ پیش کئے گئے۔