نواز شریف نے قوم سے کئے اپنے وعدے سچ کر دکھائے ہیں ،شاندار مستقبل قوم کا منتظر ہے،مخالفین کی سازشیں ناکام ہوں گی ،2018 ء کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر ترقی کا سفر جاری رکھیں گے

وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر کا سانگلہ ہل میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب

جمعرات 23 مارچ 2017 20:51

ننکانہ صا حب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمدنواز شریف نے قوم سے کیے اپنے تمام بڑے وعدے سچ کر دکھائیں ہیں جس کے باعث پاکستان تیزی سے ترقی وخوشحالی کی جانب گامزن ہے۔وہ جمعرات کو ضلع ننکانہ صاحب کی تحصیل سانگلہ ہل میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔

جس میں مسلم لیگ ن کے کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ 2013 ء کے انتخابات کے موقع پر پوری پاکستانی عوام سے تین بڑے وعدے کیے تھے جن میں امن وامان کی بحالی ،توانائی بحران کا خاتمہ اور معاشی ترقی شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے طول وعرض میں امن کی فضا قائم کر دی گئی ہے حکومت کی بہترین حکمت عملی اور سیکیورٹی اداروں کی لازوال قربانیوں کے باعث آج پورے ملک پر حکومت کی رٹ قائم ہو چکی ہے اور وہ علاقے جہاں کوئی جانے کا تصور نہیں کر سکتا تھا آج وہاں اربوں روپے کی مالیت سے شاہرائوں ، سکولوں،کالجوں کی تعمیر کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسی امن کی وساطت آج پوری قوم یوم پاکستان بھرپور جوش وجذبے سے منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آپریشن ردالفساد کی بدولت سے ملک میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کے سہولت کاروں کامکمل خاتمہ کر کے سو فیصد امن قائم کرے گی۔وفاقی وزیرنے کہا کہ اسی طرح حکومت نے توانائی بحران پر بھی بھرپورطریقے سے قابوپا لیا ہے۔2013 میں ملک میں16 اور 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی تھی بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج آئے روز کا معمول بن چکے تھے اس کے برعکس آج بجلی کی انتہائی محدود لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

اس سال سسٹم میں دس ہزار میگاواٹ کی بجلی شامل ہونے سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ 2013 میں ملک ڈیفالٹ کرنے کی پوزیشن پر پہنچ چکا تھا۔لیکن موجودہ حکومت کی بہترین پالیسیززکے باعث آج پاکستان معاشی لحاظ سے مستحکم ہو چکا ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری کی صورت میں ملک میں تقریبا 70ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

پاکستان کی سٹاک مارکیٹ ایشیاء کی بہترین سٹاک مارکیٹ بن چکی ہے۔انہوں نے کہا اگر ترقی و خوشحالی کے اس سفر کو اس طرح سے جاری رکھا گیاتو عنقریب پاکستان دنیا کی بڑی معاشی طاقتوں میں شامل ہو جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ان وعدوں کے علاوہ محمد نوازشریف نے اور شہباز شریف نے سانگلہ ہل اور حلقہ NA۔135 کے تمام عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کر دکھائیں ہیں۔

سانگلہ ہل انٹرچینج اس حلقے کے عوام کے لیے وزیراعظم کا عظیم تحفہ ہے۔ اس کے علاوہ شاہ کوٹ تا سانگلہ ہل انٹر چینج سڑک کی تعمیراور وزیر اعلیٰ پنجاب کے دیہی سڑکوں کے پروگرام پکے راہ سوکھے پنڈے کی صورت میں اس حلقے میں درجنوں سڑکوں پر کام کیاجارہا ہے اس کے علاوہ حلقہ NA-135 کے درجنوں دیہاتوں کو گیس کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے جس کے لیے اس حلقے کے عوام محمدنواز شریف اور محمد شہباز شریف کے بے حدمشکور ہیں۔

چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ آج یوم پاکستان کے حوالے سے اس عہد کی تجدید کرنی ہے کہ جو کامیابیاں پاکستان نے پچھلے چند عرصے میںحاصل کی ہیںاُس کو مستحکم کرنے کے لیے اور پاکستان کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے پوری قوم اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے اور امن وامان کے سبوتاژکرنے اور ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ سے ہٹانے والے عناصر کی سازشوںکو اپنے پختہ عزم سے ناکام بنا دیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل کا سفر جاری رہے گااور مسلم لیگ (ن) اور پاکستان کے عوام مخالفین کی تمام تر سازشیں ناکام بناتے ہوئے 2018 ء کے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) ایک مرتبہ پھر بھرپور طریقے سے کامیاب ہوگی۔