پاکستان کا قیام اسلام کے لافانی نظریہ پرعمل میں آیا،پاکستان کے نظریہ اورجغرافیہ کا تحفظ کرنا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے،پاکستان کا کرپٹ حکمران ٹولہ نہ صرف قومی خزانے بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کے خون پسینے کی کمائی کو لوٹ کر بیرون ملک منتقل کردیتا ہے،اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہئے ، پاکستان کے اسلامی تشخص کو قائم رکھنے کیلئے سامراج کے غلام حکمرانوں سے نجات ضروری ہے ، الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات سے قبل اوور سیز پاکستانیوں کیلئے ووٹ کے حق کو استعمال کرنے کا انتظام کیا جائے

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کاریاض میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب

جمعرات 23 مارچ 2017 20:41

پاکستان کا قیام اسلام کے لافانی نظریہ پرعمل میں آیا،پاکستان کے نظریہ ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان کا قیام اسلام کے لافانی نظریہ پرعمل میں آیاہے،پاکستان کے نظریہ اورجغرافیہ کا تحفظ کرنا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے،پاکستان کا کرپٹ حکمران ٹولہ نہ صرف قومی خزانے بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کے خون پسینے کی کمائی کو لوٹ کر بیرون ملک منتقل کردیتا ہے،اوور سیز پاکستانی سالانہ 18ارب ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ پاکستان بھجوا رہے ہیں،اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہئے ۔

اوور سیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے وقار کے محافظ ہیں ، پاکستان کے اسلامی تشخص کو قائم رکھنے کیلئے سامراج کے غلام حکمرانوں سے نجات ضروری ہے ۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ آئندہ انتخابات سے قبل اوور سیز پاکستانیوں کیلئے ووٹ کے حق کو استعمال کرنے کا انتظام کیا جائے۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو یہاں پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔

تقریب سے ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان عبدالغفار عزیز نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمد اصغر بھی موجود تھے ۔تقریب میں ریاض میں مقیم سینکڑوں پاکستانیوں نے شرکت کی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اللہ کے نافرمان لٹیرے حکمرانوں سے نجات حاصل کرکے پاکستان کو ترقی کی منزل تک پہنچائیں گے۔ جماعتِ اسلامی کرپشن سے پاک اور باصلاحیت قیادت و کارکنان کی جماعت ہے۔

سپریم کورٹ میں بھی اس حقیقت کا اعتراف کیا گیاکہ پاکستان پر مسلط حکمران لیڈر نہیں ذاتی مفادات کے ڈیلر ہیں۔ ایمان کا سرمایہ سب سے بڑی دولت ہے۔ اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے غریب عوام کو ساتھ لے کر تبدیلی لائیں گے۔انہو ںنے کہاکہ پاکستانی کمیونٹی کا یہ بے مثال اجتماع اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کے یقین کو مزید پختہ کر رہا ہے۔

پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ کرکے دنیا بھر میں روشن مثال قائم کریں گے۔ غریب پاکستانی محنت کش تو ایک ایک پیسہ جمع کرکے پاکستان بھیج رہا ہے اور لٹیروں کا ٹولہ ملک کی دولت جمع کرکے بیرونِ ملک بنکوں کو بھیج رہا ہے۔سراج الحق نے کہاکہ سعودی عرب مقدس سرزمین اور ایمان و یقین کا مرکز ہے۔ سرزمین حرمین شریفین کے خلاف ہونے والی کوئی بھی سازش پوری امت کے خلاف سازش ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ دونوں برادر ممالک میں تعلقات روز بروز مضبوط تر ہونا ناگزیر ہے۔ سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ اپنے لاکھوں پاکستانی بھائیوں کو محنت کے مواقع فراہم کیے ہیں۔تقریب میں پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے بھی پڑھے گئے۔ یاد رہے امیر جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق رابطہ عالمِ اسلامی کے تین روزہ اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب گئے ہوئے ہیں۔