گورنر خیبر پختونخوا نے صدر ممنون حسین کی جانب سے یوم پاکستان 23 کے موقع پر صوبے کی 8 شخصیات کو مثالی خدمات سرانجام دینے پر سول اعزازت سے نوازا

جمعرات 23 مارچ 2017 20:32

گورنر خیبر پختونخوا  نے صدر ممنون حسین کی جانب سے  یوم پاکستان 23 کے موقع ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے جمعرات کے روز گورنر ہائوس پشاور میں یوم پاکستان 23 مارچ پر منعقدہ ایک پر وقار تقریب میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ممنون حسین کی جانب سے صوبے کی 8 شخصیات کو اپنے متعلقہ شعبوں میں مثالی خدمات سرانجام دینے پر سول اعزازت سے نوازا۔تقریب تقسیم سول اعزازات میں افغانستان اور ایران کے کونسل جنرل، صوبائی وزراء ، صوبے اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنت اعلیٰ سول وفوجی حکام اور اعزازات وصول کرنے والی شخصیات اور ان کے عزیز واقارب نے شرکت کی ۔

صوبے بھر سے سول اعزازات وصول کرنے والوں میں پروفیسرڈاکٹرمحمدرسول جان، وائس چانسلرپشاوریونیورسٹی نے سائنس کے شعبے میں اپنی بے مثال خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز وصول کیا۔

(جاری ہے)

صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی ( پرائڈ آف پرفارمنس ) وصول کرنے والی شخصیات میں محمداسماعیل خان(شعبہ ادب ،صحافت) اورشعبہ خدمات عامہ میں شاندارکارکردگی دکھانے والے ستارہ گل (مرحومہ) ،کنیزنرجس (مرحومہ)اور ڈاکٹریعقوب خان (مرحوم) شامل ہیں۔

محمدالہی بخش مطیع کوفن خطاطی کے شعبے میں تمغہ امتیاز سے نوازاگیا جبکہ سیدہ حسینہ گل اورناصرعلی سیدکو شعبہ ادب میں شاندارخدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیازعطاء کیاگیا۔ستارہ گل اورکنیز نرجس کی جانب سے ان کے شوہرباالترتیب میاں نعیم علی شاہ اور عزت حسین نے اعزاز وصول کیاجبکہ ڈاکٹریعقوب خان کی جانب سے ان کی بیوہ فرزانہ نے اعزاز وصول کیا۔ بعد ازاں گورنر اقبال ظفر جھگڑا تقریب کے شرکاء سے گھل مل گئے اور اعزازات حاصل کرنے والی شخصیات کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں مبارکباد بھی دی۔#