ڈپٹی کمشنر چکوال اور ڈی پی او چکوال کا سب جیل چکوال کا دورہ

جمعرات 23 مارچ 2017 20:22

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنر چکوال ڈاکٹر عمر جہانگیر اور ڈی پی او چکوال ملک سکندر حیات نے سب جیل چکوال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر، اے ایس پی، اسسٹنٹ کمشنرز، سپرنٹنڈنٹ سب جیل چکوال عمر حیات گوندل اور متعلقہ محکمہ کے افسران بھی ہمراہ تھے۔ سب جیل چکوال آمد پر پریذن پولیس کے ایک چوک و چوبند دستے نے ڈی سی چکوال اور ڈی پی او چکوال کو گارڈ آف آنر پیش کیا، اس کے بعد باقاعدہ تقریب میں اسیرانِ جیل نے یومِ پاکستان کے حوالے سے ملی نغمے پیش کئے۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او چکوال نے قیدیوں میں مٹھائی تقسیم کی۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نفرت انسان سے نہیں، جرم سے ہے۔ انہوں نے قیدیوں پر زور دیا کہ وہ یومِ پاکستان کے حوالے سے آج کے دن اس عہد کی تجدید کریں کہ وہ اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں سے تائب ہو کر ملک کے فعال شہری بنیں گے اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی پی او چکوال نے خطاب کرتے ہوئے قیدیوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اعمال پر نظر ثانی کر کے اچھے شہری بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب جیل اور قیدیوں کو جو بھی مسائل ہیں اُن کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ بعدازاں ڈی پی او اور ڈی سی نے قیدیوں کی بریکوں، ہسپتال ڈسپنسری، کچن، اشیائے خوردونوش اور اُن کی فہرست کا معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے سب جیل کی انتظامیہ کو صفائی کے نظام اور دیگر اُمور کو سراہتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور اہلکاران کو شاباش دی، قیدیوں میں مٹھائی تقسیم کی۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر اور ڈی پی او چکوال ملک سکندر حیات نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر، اسسٹنٹ کمشنرز، ایم ایس DHQ، ڈاکٹر صاحبان، اے ایس پی اور دیگر عملہ بھی موجود تھے۔ ڈی سی اور ڈی پی او نے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور وہاں پر علاج معالجے کے لئے آئے ہوئے مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی اور اُن کی صحت کے حوالے سے ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولیات کے متعلق بھی استفسار کیا۔

متعلقہ عنوان :