یوم پاکستان ہمیں تجدید عہد اور اپنے ملک کو مضبوط اور مستحکم بنانے کا درس دیتا ہے،ڈپٹی کمشنر چکوال

جمعرات 23 مارچ 2017 20:22

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) یوم پاکستان ہمیں تجدید عہد اور اپنے ملک کو مضبوط اور مستحکم بنانے کا درس دیتا ہے۔ ہم سب کو چاہئے کہ اپنے پیارے وطن کی خوشحالی اور ترقی کے لئے انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کریں۔ اس دن کو منانے کا مقصد قیام پاکستان کے حوالے سے اپنے بزرگوں کی دی جانے والی عظیم قربانیوں سے آگاہی حاصل کرنا ہے اور اُنہیں رہتی دُنیا تک یاد رکھنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر چکوال ڈاکٹر عمر جہانگیر نے جمعرات کو یہاں کمیونٹی سنٹر چکوال میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈی پی او چکوال ملک سکندر حیات، ڈپٹی چیئرمین ضلع کونسل چوہدری خورشید بیگ، چیئرمین میونسپل کمیٹی چکوال چوہدری سجاد احمد خان، اے ڈی سی آر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، ڈی او سوشل ویلفیئر، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، اسسٹنٹ کمشنرز، انچارج ریسکیو 1122، ٹی ایم اے اور متعلقہ محکموں کے افسران، ڈی اوز، اے ای اوز، سکول ہیڈ ماسٹرز، ہیڈ مسٹریسز، اساتذہ، طلباء اور عوام کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانے سے ہوا۔ ڈپٹی کمشنر چکوال نے اس موقع پر پرچم کشائی کی۔ بعدازاں تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا جس میں مختلف سکولوں، کالجوں کے طلباء و طالبات نے یوم پاکستان کے حوالے سے تقریریں، ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے جسے شرکاء نے خوب سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او چکوال ملک سکندر حیات نے کہا کہ ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کی وجہ سے ہمیں ایک خوبصورت ملک عطاء ہوا، اس عظیم دن کی مناسبت کے حوالے سے ہم سب کو مل کر یہ عہد کرنا چاہئے کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے دن رات کام، کام کریں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء کو قراردادِ پاکستان پیش کی گئی تھی جس کی بدولت ہمارے بزرگوں نے انتھک محنت اور عظیم قربانیوں کی بدولت ہمیں یہ ملک دیا اور ہمیں آج کے دن اس عہد کی تجدید کرنی چاہئے اور ہم سب کا فرض بھی ہے کہ پاکستان کے ہر شہری کو اُس کا حق دلانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن خصوصی طور پر قوم کے معماروں کے نام ہے۔

اس موقع پر معروف شاعر اور صحافی ملک صفی الدین صفی نے یوم پاکستان کے حوالے سے نظم پڑھ کر بے پناہ داد حاصل کی۔ اس موقع پر ڈی پی او چکوال، ڈی سی چکوال، ڈپٹی چیئرمین ضلع کونسل اور چیئرمین بلدیہ چکوال نے پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب سکیم کے تحت چار سے نو سال تک اور چھٹی اور نویں جماعت میں سکولوں میں داخلے کا اندراج کا افتتاح کیا۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر اور مہمانان خصوصی نے بورڈ کے امتحانات میں اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو تعریفی اسناد اور سرٹیفکیٹس دیں۔

متعلقہ عنوان :