23مارچ تجدیدعہد کا دن ہے جو پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کا درس دیتا ہے،امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متحرک فورم کی ضرورت ہے،بحیثیت پاکستانی قوم ہمیں اپنے دوستوں اور دشمنوں میں تفریق کرنا ہوگی

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدکی لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو

جمعرات 23 مارچ 2017 20:19

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ 23مارچ تجدیدعہد کا دن ہے جوہمیں پاکستان کو عملاً اسلامی فلاحی مملکت بنانے کا درس دیتا ہے۔المیہ یہ ہے کہ حکمرانوں کی عاقبت نااندیش پالیسیوں کے باعث آج 70برس بعد بھی پاکستان کے وجود کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔دشمن چاروں اطراف سے ہم پر حملہ آور ہیں۔

روزمرہ کے مسائل نے عام افراد کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک وقوم کی فلاح وبہبودکے لیے سنجیدگی سے اقدامات کیے جائیں۔ وہ جمعرات کو لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی ریاست ہے جس کا وجود ہندوستان سمیت مغربی ممالک کو برداشت نہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم امہ کی امنگوں کامرکز ہے۔

تمام مسلم ممالک پاکستان کوقدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ہمیں امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک متحرک فورم کی ضرورت ہے۔سب کو مل کر اس حوالے سے جدوجہد کرنی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی خاص نعمت ہے۔اللہ تعالیٰ نے اسے وسائل سے مالامال بنا یا ہے۔اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں بدقسمتی سے انگریزوں کاقانون رائج ہے۔

سیکولر طبقات پاکستان کو غیر ملکی ایجنڈے پرایک سیکولرریاست بنانا چاہتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ آئے روز پاکستان کے اسلامی تشخص پرحملے کیے جارہے ہیں۔غیر ملکی فنڈنگ پر چلنے والی این جی اوز اس گھنائونی حرکت میں پیش پیش ہیں۔میاں مقصود احمد نے کہاکہ ہمیں بحیثیت پاکستانی قوم اپنے دوستوں اور دشمنوں میں تفریق کرنا ہوگی۔ہندوستان کی ’’را‘‘،اسرائیل کی موساد اور امریکی سی آئی اے پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیاں کرکے پاکستان کی سلامتی اور بقاء کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ردالفسادآپریشن کی بھرپور حمایت کرتے ہیں مگر اس کی آڑ میں بے گناہوں کو تنگ نہیں کیاجاناچاہئے۔سیاسی وعسکری قیادت ایسے فیصلے کرے جن سے عوام کو تحفظ کااحساس ہواورملکی عزت اوروقارمیں اضافہ ہو۔