جعلی زرعی ادویات اور کھادیں فروخت کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق انہیں فوری گرفتارکیا جائے، ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال

جمعرات 23 مارچ 2017 20:19

خانیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ زرعی ادویات میں ملاوٹ اور جعلی کھادیں فروخت کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کے گرد گھیراتنگ کرکے فوری ایف آئی آر کا اندراج کرایا جائے اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں اس کاروائی کے دوران کسی قسم کا دبائو قبول نہ کیا جائے ‘بنک کاشتکاروں کو کسان پیکج کے تحت قرضوں کی ادائیگیوں میں تیزی لائیں حکومت پنجاب کا خصوصی فوکس کاشتکاروں اور کسانوں کے مسائل ترجیحی بنیادو ں پر حل کرنا ہے ‘محکمہ زراعت کے افسران و فیلڈ سٹاف اس سلسلہ میں اپنی تمام تر توانائیاں وقف کردیں ۔

یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ایگریکلچر سب کمیٹی ٹاسک فورس اور ایگریکلچر ایڈ وائزی کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سردار جمیل احمد ‘اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا مقصود احمد ‘ڈی ایس پی چوہدری مقبول جٹ ‘اخوت اور نیشنل بنک کے افسران ‘پیسٹی سائیڈ و کھاد ڈیلر ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور کسان رہنمائوں نے شرکت کی ۔

ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے مزید کہا کہ جعلی زرعی ادویات اور کھادیں فروخت کرنے والے ڈیلروں کو جرمانے بڑھائے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب کسانوں کی فلاح وبہبود اور ترقی کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ان اقدامات میں سبسڈی پر زرعی آلات کی فراہمی ‘سبزیوں دالوں کے بیجوں کی فراہمی شامل ہے ۔

انہوں نے کہاکہ کچن گارڈننگ کے بارے میں لوگو ں میں شعور اجاگر کیا جائے اور کپاس کی اگیتی کاشت پر دفعہ 144کے تحت پابند ی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے ‘پانی چوری کی روک تھام کیلئے محکمہ انہار کے حکام سخت اقدامات کریں ۔کسان پیکج کے حوالہ سے کوئی شکایات موصول ہوئی تو ذمہ داران افسران او راہلکاران کو نہیں چھوڑا جائیگا اور ان کیخلاف محکمانہ ایکشن لیا جائیگا ۔