سول ہسپتال گوجرانوالہ میں ایم آر آئی مشین نصب کی جائیگی،نئے ٹیچنگ ہسپتال کے تعمیراتی کام کوتیز کیا جائے ‘گوجرانوالہ کے لئے نئی سی ٹی سکین مشین بھی پہنچ رہی ہے

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی گوجرانوالہ نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے تعمیراتی منصوبہ کے دورے کے موقع پر گفتگو

جمعرات 23 مارچ 2017 20:06

سول ہسپتال گوجرانوالہ میں ایم آر آئی مشین نصب کی جائیگی،نئے ٹیچنگ ہسپتال ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء)صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ کے تعمیراتی منصوبہ پر کام کی سست روی پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی، ترقیاتی کام میں کسی قسم کی تاخیر و غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اربوں روپے کی خطیر رقم فراہم کردی ہے اور وہ اس منصوبہ میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ‘ اب فنڈز کی بھی کوئی کمی نہیں لہذا منصوبہ پر دو شفٹوں میں کام کیا جائے‘ مزید لیبر بھی دوگنا کی جائے اور منصوبہ کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو صحت کی سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جاسکے اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پر مریضوں کا لوڈ بھی کم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج سے ملحقہ نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے تعمیراتی منصوبہ پر بریفنگ کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد عامر جان‘ سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر ساجد چوہان‘ ڈپٹی سیکرٹری ٹو سی ایم ڈاکٹر فرخ‘ پرنسپل میڈیکل کالج ڈاکٹر آفتاب محسن کے علاوہ محکمہ مواصلات وتعمیرات کے افسران بھی موجود تھے۔

ایس ای پراونشل بلڈنگ ساجد امین نے بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر کو بتایا کہ 2415 ملین روپے تخمینہ لاگت سے 500 بیڈز پر مشتمل نئے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کیلئے امسال وزیراعلی پنجاب نے 700 ملین روپے کے فنڈز فراہم کردئیے ہیں جس پر تعمیراتی کام جاری ہے اور اس منصوبے کا پہلا مرحلہ مقررہ مدت کے دوران دسمبر 2017 تک پایہ تکمیل تک پہنچا دیا جائے گا اور او پی ڈی کو بھی فنکشنل کردیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کو ہدایت کی کہ منصوبہ پر تاخیر کی انکوائری کرکے جلد رپورٹ ارسال کریں اور تمام معاملات کی نگرانی خود کریں اور کام کی رفتار کو بھی گاہے بگاہے چیک کریں تاکہ اس عظیم فلاحی منصوبہ کو بروقت پائیہ تکمیل تک پہنچایاجاسکے۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ کے ایک گھنٹہ دورانیہ کا تفصیلی دورہ کے دوران مختلف وارڈوں کا معائنہ کیا اور مریضوں کے لواحقین سے ادویات کی فراہمی اور دیگر سہولیات بارے دریافت کیا۔

صوبائی وزیر نے او پی ڈی‘ آئی سی یو ‘ سنٹرل فارمیسی‘ کارڈیک یونٹ‘ ڈائلسز یونٹ‘ پی سی آر لیب‘ ڈائگناسٹک سنٹر کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ خراب سی ٹی سکین مشین کو مرمت کرکے ایک ہفتہ کے اندر فنکشنل کیا جائے اور نئی ایم آر آیی مشین کی تنصیب جلد از جلد عمل میں لائی جائے ۔ اس موقع پر صدر چیمبر آف کامرس سعید احمد تاج نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی اور چیمبر آف کامرس کے تعاون سے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں نئی سی ٹی سکین مشین کی تنصیب کیلئے بلڈنگ تیار ہو رہی ہے اور مشین کراچی پہنچ چکی ہے جو بہت جلد فنکشنل ہوجائے گی۔

صوبائی وزیر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حکومت کی پالیسی اور وژن کے مطابق مریضوں کو ہر طرح کے علاج معالجہ کی سہولتیں اور ادویات کی بروقت فراہمی ممکن بنائی جائے اور جہاں تک ہوسکے غریب عوام کی شکایات اور مشکلات کا موقع پر حل کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے بعد ازاں امراض قلب وارڈ اورنوزائیدہ بچہ وارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا اور انچارج معا لجین و سپیشلسٹ ڈاکٹرز سے مختلف امور پر گفتگو کی۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ صحت کے شعبہ کو حکومتی منصوبہ بندی اور اربوں روپے کے فنڈز کے پیش نظر مثالی کارکردگی کا مظہر بنانا محکمہ صحت کے افسران اور ڈاکٹروں کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی گڈ گورننس کے تمام شعبوں میں صحت پہلے نمبر پر ہے‘ خلق خدا کی بھرپور خدمت کے تمام انتظامات اپ ٹو ڈیٹ رکھے جائیں۔