ہمیں عہد کرنا ہو گا ہم پاکستان کو ایک پر امن اور خوشحال ملک بنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے‘ حکومت خوشحالی اور ملکی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے ، وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک میں ہو گا

ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان کا یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب سے خطاب

جمعرات 23 مارچ 2017 20:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہا ہے کہ آج کا دن نہائت اہمیت کا حامل ہے، آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ ہم پاکستان کو ایک پر امن اور خوشحال ملک بنانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ااور ملک کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں اپنا اپنا کردار ادا کریں گے، اسلامی تعلیمات اور قائد اعظم ؒ کے افکار کی روشنی میں نوجوان نسل کی درست سمت میں رہنمائی سے ہی اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ممکن ہے،پاکستان کے حصول کے لئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے لائق تحسین ہیں، 23 مارچ کا دن منانے کا بنیادی مقصد بچوں اور نوجوان نسل کو اس ملک کے حصول کے لئے پیش آنے والی مشکلات اور قربانیوں بارے آگاہی فراہم کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو لاہور چڑیا گھر میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی ، ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر چودھری شفقت علی، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود ، ایسوسی ایٹ پروفیسر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ذوالفقارکے علاوہ چڑیا گھر انتظامیہ اور ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اخوت و بھائی چارے کی فضاء کو فروغ دینا ہم سب کی اولین ترجیح ہونا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت قائد اعظمؒ کے افکار پر عمل کرتے ہوئے عوام کے درخشاں مستقبل ، خوشحالی اور ملکی ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک میں ہو گا۔ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے اس موقع پر چڑیا گھر میں تفریح کے لئے آئے ہوئے بچوں میں قومی پرچم، پرچم سے بنی ہوئی ٹوپیاں، گفٹ پیک بھی تقسیم کیے ۔

بچوں میں پاکستان کے پرچم اور مینار پاکستان کے سکیچ میں رنگ بھرنے کا بھی مقابلہ کروایا گیا۔ ڈی جی جنگلی حیات نے میڈیا کے نمائندوں کو شیروں کے نو مولود بچوں کی پیدائش کے بارے میں بھی انکشاف کیا اور انہیں دیکھایا ۔ مزید برآں انہوں نے یوم پاکستان کے حوالے سے سیاحوں کی حفاظت کے لئے کیے گئے خصوصی ا نتظامات بھی چیک کیے۔ انہوں نے ڈائریکٹر چڑیا گھر کو ہدائت کی کہ تفریح کے لئے آنے والوں کی سکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے ۔

انہوں نے چڑیا گھر انتظامیہ کو ڈینگی مچھر سے بچائو کے لئے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے اور صفائی ستھرائی کے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جگہ پانی نہ کھڑا ہونے دیں تاہم آبی جانوروں و پرندوں کے لئے بنائے گئے تالابوں جہاں پانی موجود رکھنے کی ضرورت ہو ڈینگی لاروا کھانے والی تلاپیہ مچھلیاں چھوڑی جائیں۔ انہوں نے چڑیا گھر کے مختلف تالابوں میں ڈینگی لاروا بھی چیک کیا۔