پنجاب یونیورسٹی میں پختون طلبہ پر حملہ قابل مذمت ہے، جامع پنجاب کو غنڈہ عناصر سے پاک کیا جائے، نئے انتخابات کا طبل بجنے والا ہے، اقوام متحدہ بھارت کی آبی دہشتگردی کا نوٹس لے، بھارت پاکستان کو ریگستان بنانا چاہتا ہے، قوم ن لیگ کے ہر ظلم کا بدلہ آئندہ الیکشن میں لے گی

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی انجمن طلباء اسلام پنجاب کے وفد سے گفتگو

جمعرات 23 مارچ 2017 20:06

پنجاب یونیورسٹی میں پختون طلبہ پر حملہ قابل مذمت ہے، جامع پنجاب کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں پختون طلبہ پر حملہ قابل مذمت ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کو ایک فاشسٹ تنظیم نے یرغمال بنا رکھا ہے۔ جامع پنجاب کو غنڈہ عناصر سے پاک کیا جائے۔ نئے انتخابات کا طبل بجنے والا ہے۔ اقوام متحدہ بھارت کی آبی دہشتگردی کا نوٹس لے۔

بھارت پاکستان کو ریگستان بنانا چاہتا ہے۔ قوم ن لیگ کے ہر ظلم کا بدلہ آئندہ الیکشن میں لے گی۔ وہ جمعرات کو انجمن طلباء اسلام پنجاب کے سیکریڑی اطلاعات محمد اکرم رضوی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے حصے کے پانی پر قبضہ کررکھا ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے شرپسند عناصر نے پختون کلچرل ڈے پر حملہ کرکے غنڈہ گردی کی بد ترین مثال قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے فسادی عناصر کا علاج صرف آپریشن ردّالفساد ہے۔پنجاب یونیورسٹی کو مخصوص نظریے کی حامل طلبہ تنظیم نے ذاتی جاگیر بنا رکھا ہے۔حملہ آور تنظیم کے ڈنڈے انہی سیاسی مداریوں سے ملتے ہیں جو پاک فوج کے شہیدوں کوشہید ماننے سے انکار کرتے رہے ہیں۔وطن عزیز کے تعلیمی ادارے علم کا نور بانٹنے کیلئے قائم کیے گئے ہیں۔

یونیورسٹیوں میں طلباء کا بھیس بدلے انتہاپسند عناصر کیخلاف بھرپورایکشن لینے کی ضرورت ہے۔معصوم طلباء کومفادات کیلئے استعمال کرنیوا لی نام نہاد مذہبی سیاسی جماعت کوبے نقاب ہونا چاہیے۔ پاک افواج اور نظریہ پاکستان کی مخالف انتہا پسند تنظیم کا پنجاب یونیورسٹی میں دن دہاڑے حملہ آور ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ محب وطن اور علم دوست قوتیں تعلیمی اداروں میں بھی خود کو منظم کریں اور طلباء سیاست کے نام پر غنڈہ گردی کرنے والوں کو ہر فورم پر ناکام بنایا جائے۔