گورنر پنجاب نے یوم پاکستان کے موقع پر 23شخصیات کو صدر ِپاکستان کی جانب سے سول ایوارڈز دیئے

�خصیات کو ستارہٴ امتیاز، 10شخصیات کو صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی اور 8شخصیات کو تمغہٴ امتیاز کا اعزاز دیا

جمعرات 23 مارچ 2017 20:05

گورنر پنجاب نے یوم پاکستان کے موقع پر 23شخصیات کو صدر ِپاکستان کی جانب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) گورنر پنجا ب ملک محمد رفیق رجوا نہ نے یوم پاکستان کے موقع پر زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کاکردگی پر 23شخصیات کو صدر ِپاکستان کی جانب سے سول ایوارڈز دیئے۔ گورنر ہائوس لاہور میں منعقد کی گئی اس تقریب اعزازات میں 5شخصیات کو ستارہٴ امتیاز، 10شخصیات کو صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی اور 8شخصیات کو تمغہٴ امتیاز عطا کیا گیا۔

تقریب میں صوبائی وزراء، اہم سیاسی شخصیات، چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر)زاہد سعید، انسپکٹر جنرل آف پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا ، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور سول ایوارڈز حاصل کرنے والے معزز مہمانوں کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ تقریب میں تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی، طب، ریاضی، علم و ادب، سماجی خدمات، فنون لطیفہ، خدماتِ عامہ اور موسیقی کے شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دینے والوں میں سول ایوارڈز تقسیم کیے گئے تاکہ ان کی خدمات کے اعتراف کے ساتھ ساتھ اُسے دوسروں کے لئے قابل تقلید بھی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

تقریب میں جن شخصیات کو ستارہٴ امتیاز عطا کیا گیا ا ن میں ڈاکٹر محمد اقبال ، ڈاکٹر محمد اسلم نور، ڈاکٹرعیس محمد ، مستنصر حسین تارڑ اور عارف سعید شامل ہیں۔ صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی حاصل کرنے والوں میں ڈاکٹر محمد اشرف طاہر، عبدالمجید اظہر ، ڈاکٹر ابو بکر شاہد، سرمد سلطان، راشد محمود، جاوید اقبال، استاد اشرف شریف، محمد زاہد مسعود، امر الہیٰ المعروف روحی کنجاہی اور محمد شفیع شاکر شجاع آبادی شامل ہیں۔

تمغہٴ امتیاز حاصل کرنے والی شخصیات میں عاطف عنایت، نوید اشتیاق، نذیر عامر(مرحوم) پروین ملک، محمد جلیل عالی، شہباز حسین، لیاقت علی وڑائچ اور تنویرالاسلام خواجہ(مرحوم) شامل ہیں۔ دریں اثناء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ادب کے شعبے سے وابستہ محمد شفیع شاکر شجاع آبادی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ شجاع آبادی جیسے شاعر ہمارا سرمایہ ہیں جنہوں نے اپنے خوبصورت کلام کے ذریعے نہ صرف سرائیکی کلچر کو دنیا بھر میں متعارف کرایا بلکہ ملک و قوم کا نام بھی روشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے لیے شجاع آبادی جیسی شخصیت کو ایوارڈ دینا خود ایک ایوارڈ ہے۔ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ میں شجاع آبادی کے بیٹے کو روزگار کی فراہمی کے لیے ذاتی طور پر وزیر اعظم سے بات کروں گا ۔ اس موقع پر شجاع آبادی نے کہا کہ حکومتی خدمات کا اعتراف ان کے لیے باعث اطمینان ہے اور وہ اس بات پر مطمئن ہیں کہ انہوں نے اپنی شاعری ، تحریروں اور کلام کے ذریعے پاکستانی عوام کے جذبات و احساسات کی نمائندگی کی ہے۔