پاک بحریہ نے یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا

جمعرات 23 مارچ 2017 19:59

پاک بحریہ نے یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) پاک بحریہ نے یوم پاکستان انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ منایا ۔ یہ دن پاکستانی قوم کو ان نظریات کی یاد دہانی کے لیے منایا جاتا ہے جن کی بنیاد پر پاکستان کا قیام اس وقت عمل میں آیا جب مسلمانان بر صغیر نے ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ پیش کیا جہاں وہ اپنے حقوق کا تحفظ کرسکیں۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور پاک بحریہ کی تمام مساجد میں وطن عزیز کی سا لمیت اور استحکام کے لیے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا۔

پاک بحریہ کے تمام جہازوں اور یونٹس پر چراغاں کیا گیا۔ پاکستان نیوی کی تمام یونٹس کے کمانڈنگ افسروں نے افسروں اور جوانوں کے خصوصی اجتماعات سے خطاب کیا اور اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ یوم پاکستان کی سب سے اہم تقریب مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ تھی جو اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے مقام پر منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

روایتی یونیفارم میں ملبوس پاک بحریہ کا چاق و چوبند دستہ بھی اس تقریب کا اہم حصہ تھا۔

پاک بحریہ کی خواتین افسران،خواتین میڈیکل ٹیکنیشنز، اسپیشل سروسز گروپ (نیوی) اور نیول بینڈمسلح افواج کے مشترکہ دستوںمیں شامل تھے۔ علاوہ ازیں ، پاکستان نیوی کے ائیر کرافٹP3Cاورین اور Z9ECہیلی کاپٹرز نے بھی اس پروقار تقریب کے دوران فلائی پاسٹ میں حصہ لیا۔ پاکستان نیوی کے کیپٹن شہزاد احمد P3Cفارمیشن فلائی پاسٹ کی قیادت کررہے تھے۔ P3Cلانگ رینج میری ٹائم پٹرول ائیر کرافٹ ہیں جنہیں عرفِ عام میں ’’فلائنگ ڈسٹرائیر ز‘‘ بھی کہا جاتا ہے، یہ ہوائی جہاز اینٹی سرفیس میزائلز، اینٹی سب میرین ٹارپیڈوز، ڈیپتھ چارجز، بموں اور بارودی سرنگوں سے لیس ہیں۔

پاک بحریہ کے Z9ECہیلی کاپٹرز جنہیں ’اسٹنگرے‘ بھی کہا جاتا ہے، انتہائی جدید ریڈار ، ڈپنگ سونار ، ٹارپیڈوز اور ڈیپتھ چارجز سے لیس ہیں۔ ان ہیلی کاپٹرز کو دشمن کی آبدوزوں کو نشانہ بنانے کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ پاک بحریہ کے کیپٹن زاہد فاروقZ9ECفارمیشن کی قیادت کررہے تھے۔لیفٹیننٹ کمانڈر قیصر کی زیر قیادت پاکستان نیوی کی سی ایگل ٹیم، مشترکہ اسکائی ڈائیونگ ٹیم کا حصہ تھی۔ اس ٹیم نے متعدد فری فال جمپنگ ٹیکنیکس کا مظاہرہ کیا اور مکمل مہارت اور درستگی کے ساتھ اپنے مقررہ مقام پر لینڈ کیا۔

متعلقہ عنوان :